عمران خان نے جیل سے ٹویٹ کیسے کی؟ نگران حکومت کا ردِعمل آگیا

اسلام آباد(پی این آئی)نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضٰی سولنگی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے غیرقانونی افغان پناہ گزینوں سے متعلق کی جانے والی پوسٹ (ٹوئٹ) پر اپنے تحفظات کا اظہار کردیا۔

اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ٹوئٹ کی سہولت نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی نے ٹوئٹ خود کی یا ان کے موکلوں نے؟ نگران وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ لگتا ہے ٹوئٹ کی مدد سے بانی پی ٹی آئی نے اس افغان حکومت کی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کی جسے دنیا میں کوئی تسلیم نہیں کرتا۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یا پھر عمران خان افغان حکومت کے بھیجے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے لوگوں کی ہمدردی حاصل کرنا چاہتے ہیں ، تاکہ اگلے انتخابات میں ان کی جماعت کو دوسری سیاسی جماعتوں کے مقابلے پر کوئی فائدہ مل جائے۔ خیال رہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف مختلف مقدمات کا سامنا کرنے کے علاوہ اس وقت جیل میں قید ہیں جہاں انہیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں تک رسائی حاصل نہیں ہے تاہم گزشتہ روز ان کے ایکس اکاؤنٹ سے متعدد پوسٹیں جاری ہوئی تھیں۔ عمران خان کے اکاؤنٹ سے جاری ان پوسٹوں میں ’افغان مہاجرین سے برتاؤ پر بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا جیل سے پیغام‘ کے عنوان سے بھی ایک پوسٹ شامل تھی جس میں کئی مذہبی حوالوں کا استعمال کرتے ہوئے حکومت کے غیرقانونی غیرملکیوں کو ملک بدر کرنے سے متعلق اقدامات پر تنقید کی گئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close