تحریک انصاف پر پابندی لگانے سے متعلق نگران حکومت کا ردِعمل آگیا

کوئٹہ( پی این آئی ) نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک اور شبہ نہیں کہ الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے،مسائل اور مشکلات ہیں، الیکشن کمیشن سے تعاون ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے وقت ہر سیاسی جماعت اپنے حصے کی سیاست کرتی ہے۔سیاسی کلچر میں مظلوم اور شکایت کرنے والے ہمدردیاں حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔سیاسی جماعتیں لیول پلئنگ فیلڈ کا مطالبہ اور ایک دوسرے کو طعنے بھی دے رہی ہیں،ایک دوسرے پر الزام تراشی میں نگران حکومت اپنا حصہ نہیں ڈالنا چاہتی۔انہوں نے مزید کہا کہ 8 فروری کو پورے ملک میں انتخابات ہوں گے۔ جن حالات میں نگران حکومت کو ملک ملا ہے بہتر بنا کر جائیں گے۔ملک بہتر حالت میں منتخب نمائندوں کے حوالے کرکے جائیں گے۔ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ شفاف انتخابات کرائے گی۔شفاف انتخابات سے متعلق کسی کو شبہ نہیں ہونا چاہئیے۔عام انتخابات کی ریس میں ہمارا کوئی گھوڑا نہیں۔نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے اب تک کوئی امکانات نظر نہیں آتے۔ رجسٹرڈ سیاسی جماعت پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ کرنٹ افئیرز پروگراموں میں پی ٹی آئی کے نمائندے موجود ہوتے ہیں۔

جو بھی اپنے مقدمات پر جیلوں میں ہیں ان سے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتا۔خیال رہے کہ نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی سہ روزہ دورے پر جمعرات کو کوئٹہ پہنچ گئے۔ کوئٹہ ایئرپورٹ آمد پر صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی اور ڈائریکٹر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ عبدالمنان نے نگران وفاقی وزیر اطلاعات کا استقبال کیا۔ اپنے دورہ کے دوران نگران وفاقی وزیر اطلاعات پاکستان ٹیلی ویژن کوئٹہ سینٹر، ریڈیو پاکستان کوئٹہ اسٹیشن، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کوئٹہ بیورو کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ اس موقع پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات کو بریفنگ بھی دی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close