اسلام آباد (پی این آئی) سرکاری ملازم کی دوران سروس وفات پر فیملی کو ملنے والی مراعات میں تبدیلی کر دی گئی۔
جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق دوران سروس وفات پانے والے افسران کی فیملی کی معاونت میں اضافہ، بی ایس 1 سے 11 تک کے سرکاری ملازمین کی وفات کے بعد لواحقین کو اب نوکری نہیں ملے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ا سکیل 1 تا 4 کے ملازم کی فیملی کو دوران ملازمت وفات پانے پر اب 50 لاکھ روپے مالی معاونت ملے گی جبکہ اسکیل 5 تا 10 کے ملازمین کی فیملی کو 75 لاکھ روپے ملیں گے۔جبکہ اسکیل 18 تا 22 کے ملازمین کے خاندان کو 2 کروڑ روپے مالی معاونت کی مد میں ملیں گے۔ اسکیل 11 تا 15 کے سرکاری ملازمین کے خاندان کو ایک کروڑ روپے اوراسکیل 16 اور 17 کے ملازمین کی فیملی کو ڈیڑھ کروڑ روپے ملیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ صدر مملکت عارف علوی کی منظوری کے بعد نگراں وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی کم سے کم ماہانہ تنخواہ میں اضافہ کر دیا تھا۔سرکاری ملازمین کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 32 ہزار روپے مقرر کر دی گئی تھی۔ صدر مملکت عارف علوی کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نے اطلاق کر دیا۔ اضافی اخراجات رواں مالی سال کیلیے مختص بجٹ سے پورے کیے جائیں گے۔ اضافی اخراجات کیلیے کوئی ضمنی گرانٹ جاری نہیں کی جائے گی۔ جمعرات کے روز نگراں وفاقی حکومت نے ایم پی ون سے تھری کے ملازمین کی تنخواہوں میں بڑا اضافہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس حوالے سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ 2017 کے ایم پی ون اسکیل کی کم سے کم تنخواہ میں 33 ہزار روپے کا اضافہ کر کے ایم پی ون اسکیل کی تنخواہ 5 لاکھ 32 ہزار روپے کر دی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 2023 کے ایم پی ون کی تنخواہوں میں 47 ہزار 850 روپے کا اضافہ کر کے افسران کی تنخواہ 7 لاکھ 72 ہزار روپے سے زائد کر دی گئی۔ ایم پی ٹو ملازمین کی تنخواہوں میں 39 ہزار 480 روپے تک کا اضافہ کیا گیا۔ 2017 کے ایم پی ٹو افسران کی تنخواہ میں 27 ہزار 225 روپے تک اضافے کے بعد تنخواہ 2 لاکھ 90 ہزار سے زائد ہوگئی جبکہ 2023 کے ایم پی ٹو افسران کی تنخواہ 4 لاکھ 21 ہزار روپے کر دی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں