نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے بعد چوہدری شجاعت حسین کا بڑا فیصلہ

لاہور (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔

ملاقات میں مسلم لیگ ق کی جانب سے سالک حسین، شافع حسین، طارق بشیر چیمہ اور امتیاز رانجھا بھی شریک ہوئے۔نواز شریف نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی ۔چوہدری شجاعت حسین نے نواز شریف کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔سابق وزیراعظم نواز شریف چوہدری شجاعت حسین سے ملنے اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کرنے 2 دہائیوں بعد سربراہ ق لیگ کی رہائش گاہ پہنچے ہیں جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔اس ملاقات میں ن لیگ اور ق لیگ کے درمیان الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور سیاسی اتحاد پر بھی غور کیا گیا۔مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق کی قیادت کی آئندہ عام انتخابات میں باہمی تعاون پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں مسلم لیگ ن نے سیٹ ایڈجسمنٹ کے لئے مسلم لیگ ق کو سیٹوں کی تعداد کے حوالے سے پیشکش کی۔ مسلم لیگ ق نے نوازشریف سے ملاقات کے بعد پارٹی قیادت کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مسلم لیگ ق کی قیادت لیگی قیادت سے ملاقات کے بارے میں اپنے رہنماؤں کو اعتماد میں لے گی ۔ن لیگ اور مسلم لیگ ق میں قومی اسمبلی کی دو اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق ہوا ہے۔مسلم لیگ ن نے ایم پی اے کی 3 سیٹوں پر اور قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی آفر کی۔ چوہدری سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ کے لیے قومی اسمبلی کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق ہوا۔ چوہدری سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ ایم این اے کا الیکشن لڑیں گے۔ چوہدری شافع حسین کے لیے پنجاب اسمبلی کی سیٹ پر ایڈجسٹمنٹ ہو گئی۔گجرات میں ایم پی اے کی نشست پر ن لیگ اپنا امیدوار کھڑا نہیں کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close