تازہ ترین

تیز رفتاری پر عائد ٹریفک جرمانے میں ہزاروں روپے کا اضافہ کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) تیز رفتاری پر عائد ٹریفک جرمانے میں ہزاروں روپے کا اضافہ کر دیا گیا، یکم جنوری 2024 سے ملک کی تمام بڑی قومی شاہراہوں پر تیز رفتاری کی حد کو عبور کرنے والوں پر 1500 روپے سے 10 ہزار روپے تک جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا،موٹرسائیکل سوار وں کو تیز رفتاری پر 1500 کے بجائے ڈھائی ہزارمسافر بردار گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو دس ہزار روپے جرمانہ اداکرنا ہوگا۔یکم جنوری 2024 سے موٹرسائیکل سواروں کو تیز رفتاری پر 1500 روپے ، کار ڈرائیوروں کو ڈھائی ہزار اورمسافر بردار گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو دس ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ہیوی ٹریفک پر بھی ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کم از کم جرمانہ 5 ہزار روپے عائد ہوگا۔ واضح رہے کہ 2 ماہ قبل ملک بھر کی موٹرویز اور ہائی ویز پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے مزید سختی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ سے موٹرویز اور ہائی ویز پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بہت بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر عائد جرمانوں میں ڈھائی سو فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ موٹرویز اور ہائی ویز پولیس کے اعلامیہ کے مطابق آئندہ سے موٹرویز اور ہائی ویز پر حد رفتار سے تجاوز پر چالان 700 روپے سے بڑھا کر 2500 روپے کردیا گیا ہے جبکہ دوسری گاڑی کو راستہ نہ دینے پر 1ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق رات کے وقت کم روشنی کی گاڑی چلانے پر 5ہزار روپے جرمانہ ہوگا جبکہ اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر جرمانے کی رقم 500سے بڑھا کر 3ہزار روپے مقرر کردی گئی۔

نئے اعلامیے کے مطابق اگلی گاڑی کے بہت قریب گاڑی چلانے پر 1ہزار روپے جرمانہ ہوگا جبکہ پہلی اسکرین ڈھانپ کر گاڑی چلانے پر 750 روپے کا جرمانہ دینا ہوگا۔ ڈرائیونگ کے دوران ٹریفک لائن توڑنے پر جرمانہ 500 سے بڑھا کر ایک ہزار روپے جبکہ ٹریفک روانی میں خلل ڈالنے پر 2ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔یہاں واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ہی موٹرویز پر سفر کرنے والوں کیلئے ٹول ٹیکس میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا گیا تھا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہرگاڑی سے فی کلومیٹر 3 روپے 7 پیسے وصول کرےگی، لاہور سے اسلام آباد تک سفر کرنے والی گاڑیوں کو11سو روپے ادا کرنا ہوں گے، مسافربسوں کو 10روپے 29 پیسےفی کلومیٹر کے حساب سے3 ہزار 690 روپے دینا ہوں گے، موٹروے پر سفرکرنے والی مسافر وین سے 2 ہزار 590 روپے وصول کیے جائیں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ سامان کی ترسیل کےلیے استعمال ہونے والے ٹرکوں کے ٹول ٹیکس میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہرٹرک سے 17روپے 22 پیسے فی کلومیٹر وصول کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں