اب سم واپسی پر کتنی رقم ادا کرنا ہوگی؟ پی ٹی اے نے اہم اعلان کر دیا

لاہور(پی این آئی)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ صارفین ابھی سم بند کرانے پر 200 روپے چارجز ادا نہ کریں۔

ایکس پر جاری پیغام میں پی ٹی اے نے کہا ہے کہ موبائل آپریٹرز 31 دسمبر سے پہلے سم ریٹرن چارجز کا مطالبہ نہیں کر سکتے۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ غیر استعمال شدہ یا غیر ضروری سمز کو بند کروانے والے صارفین کو 31 دسمبر تک کوئی چارجز ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔پی ٹی اے کی جانب سے یہ اعلان سوشل میڈیا پر ایک سوال کے جواب میں سامنے آیا جس میں ایک صارف نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کا نیٹ ورک اس کی سم کی واپسی کے لیے رقم وصول کر رہا ہے حالانکہ آخری تاریخ تو ابھی نہیں آئی۔پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ایسے معاملات میں صارفین ہیلپ لائن، اتھارٹی کے ویب پورٹل یا موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے پی ٹی اے میں شکایت درج کراسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ 11 نومبر کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا تھا کہ وہ شہری جو اپنی سم کارڈز بند کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں انہیں اگلے سال سے فی سم 200 روپے چارجز دینے ہوں گے۔پی ٹی اے نے شہریوں کو 31 دسمبر تک بغیر کسی چارجز کے سم واپس کرنے یا ان کو خارج کرنے کا وقت مہیا کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close