پیپلزپارٹی نے الیکشن میں کسی بھی سیاسی جماعت کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق فیصلہ سنا دیا

لاہور( پی این آئی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے کسی پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا امکان مسترد کر دیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ آصف علی زرداری سے پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنمائوں نے ملاقات کی ۔ آصف علی زرداری سے ملاقات کرنے والوں میں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے قائمقام صدر رانا فاروق سعید ،لاہور کے صدر اسلم گل ،وسطی پنجاب شعبہ خواتین کی صدر ثمینہ خالد گھرکی، نواب شہزاد علی خان اور سفیان گھرکی شامل تھے۔ اس موقع پر پنجاب کی سیاسی صورتحال اور آئندہ عام انتخابات کی حکمت عملی بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کسی جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کرے گی۔ پی پی آئندہ انتخابات میں اکیلے لڑے گی۔سابق صدر نے کہا کہ ہر حلقے سے ٹکٹ کے لیے متعدد درخواستیں آ رہی ہیں۔ہر حلقے میں مضبوط امیدوار کھڑے کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں کمزور امیدوار ہیں وہاں مضبوط امیدوار لائیں۔پیپلز پارٹی بھرپور طریقے سے الیکشن میں حصہ لے گی۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری کوئٹہ کا 4روزہ دورہ مکمل کرکے پیرکوکراچی پہنچ گئے۔بلاول ہائوس میں بلاول بھٹوزرداری اور پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور سے پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے ملاقات کی ۔ ملاقات کرنے والوں میںسابق رکن قومی اسمبلی احسان مزاری،سابق رکن قومی اسمبلی مخدوم جمیل الزماں اورپی پی پی ضلع سانگھڑ کے صدر علی حسن ہنگورجہ نے الگ الگ ملاقات کی ۔ احسان مزاری سے ملاقات میں کشمور کی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔مخدوم جمیل الزماں سے حیدرآباد کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ علی حسن ہنگورجہ سے سانگھڑ کی سیاسی صورت حال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close