عمران خان کا بشریٰ بی بی کو نکاح سے پہلے نہ دیکھنے کا دعویٰ، عون چوہدری کا بھی ردِعمل آگیا

لاہور (پی این آئی) استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی رہنماء عون چوہدری نے کہا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا بشریٰ بی بی کو نکاح سے قبل نہ دیکھنے کا دعویٰ سب سے بڑا جھوٹ ہے۔

عمران خان نے نکاح سے قبل بشریٰ بی بی کو دیکھا بھی اور درجنوں بار گھنٹوں ملاقاتیں کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بشریٰ بی بی کو نکاح سے قبل نہ دیکھنے کے دعوے پران کے دست راست عون چودھری بھی میدان میں آگئے۔

عون چوہدری کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا بشریٰ بی بی کو نکاح سے پہلے نہ دیکھنے کا دعویٰ اس صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے، سابق چیئرمین جھوٹ میں کتنا گریں گے کہ جھوٹا قرآن اٹھانے تک پہنچ گئے؟سابق چیئرمین پی ٹی آئی نکاح سے قبل بشریٰ بی بی سے درجنوں بار ملے بھی اور دیکھا بھی ، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نکاح سے قبل ایک بار نہیں کئی کئی بار گھنٹوں ملاقاتیں کرتے رہے۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے، اللہ کا شکر ہے کہ ان کو وقت پر ہی چھوڑ دیا۔عون چوہدری نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے پول کھولے تو انہیں شرم سے سرچھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔انہوں نے کہا کہ نئے چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان کی نامزدگی بھی ان کے اندر کے خوف کی عکاسی ہے۔عون چوہدری نے کہا کہ سابق تعلق کا لحاظ رکھ رہا ہوں، ورنہ ایسے راز کھولوں کے سابق چیئرمین کا گند دنیا کے سامنے آجائے۔

بشریٰ بی بی قرآن پر حلف دے دیں کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو نکاح سے قبل چہرہ نہیں دکھایا۔ میں خود سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو بشریٰ سے ملاقات کیلئے لے کر جاتا رہا ہوں۔ یاد رہے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پر ہاتھ رکھنے کیلئے تیار ہوں بشریٰ کو اس دن دیکھا جس دن میرا نکاح ہوا، جیل میں مرنا قبول کرلوں گا لیکن ڈیل کرکے ملک چھوڑ کر نہیں جاؤں گا، نو مئی لندن پلان کا حصہ تھا۔نوازشریف کا واپس آنا اور پی ٹی آئی ختم کرنا لندن پلان کا حصہ تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close