تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات پر پرویز خٹک کا ردِعمل آگیا

پشاور(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو فراڈ قرار دیتے ہوئے اسے صرف کاغذی کارروائی قرار دیدیا۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا سابق چیئرمین پی ٹی آئی ملک میں الیکشن نہیں صدارتی نظام چاہتے ہیں۔پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن پر ردعمل دیتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا پارٹی میں جمہوریت ہونی چاہیے فراڈ الیکشن نہیں ہونے چاہئیں، پہلے بھی پارٹی میں چار پانچ الیکشن جعلی تھے، صرف کاغذی کارروائی ہوئی تھی۔سربراہ پی ٹی آئی پی کا کہنا تھا ہم جب حلف اٹھاتے ہیں تو عہد کرتے ہیں کوئی راز فاش نہیں کرنا، سائفر لہرا کر سابق چیئرمین نے غداری اور آئین کی خلاف ورزی کی، سابق چیئرمین پی ٹی آئی پر سائفر کیس میں دہشتگردی کا مقدمہ درج کرنا چاہیے۔پرویز خٹک کا کہنا تھا جب عمران خان کی حکومت ختم ہوئی تو ہمارے پاس اکثریت نہیں تھی، عمران خان نے سوچا کہ ملک کو نہیں چلنے دوں گا، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا خیال تھا ملک میں انتشار پھیلاؤں گا، آرمی تنصیبات پر حملوں کے لیے الگ ٹیم بنائی گئی تھی، یہ شخص ڈیڑھ سال تک انتشار پھیلاتا رہا جس سے ملکی معیشت پر برا اثر ہوا۔

سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ اسمبلی توڑنے کے حق میں کوئی سیاست دان نہیں تھا، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو سمجھایا کہ صوبائی اسمبلی نہ توڑی جائے لیکن وہ اپنے آگے کسی کو برداشت نہیں کرتے تھے۔