پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کو چیلنج کرنے کا اعلان، تحریک انصاف کا اکبر ایس بابر کیخلاف شدید ردِعمل آگیا

لاہور (پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کو ’’ٹاؤٹ ‘‘قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کچھ قوتوں کی جانب سے اس موقع پر جان بوجھ کر لانچ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے اکبر ایس بابر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اکبر ایس بابر جیسے ٹاؤٹس (Touts) کو محض تحریک انصاف کو سیاسی و انتخابی عمل سے باہر رکھنے کی سازش کے تحت لانچ کیا گیا ہے۔ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ ایک لاڈلے کی ملک پر قابض ہونے کی خواہش کو پورا کرنے کیلئے خصوصی فرمائشی پروگرام کے تحت ملک کی مقبول ترین جماعت کے خلاف یہ گھٹیا کھیل رچایا جا رہا ہے، اکبر ایس بابر کا نہ تو تحریک انصاف کی بنیاد سے اورنہ اُن کا پی ٹی آئی کے نظریے سے کوئی تعلق ہے۔ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ مذموم عزائم کا انکشاف ہونے پر آج سے 13 سال قبل پارٹی سے اکبر ایس بابر کی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی تھی جس کے بعد انہوں نے پارٹی کے خلاف ایک سازش کا آغاز کیا، انٹرا پارٹی الیکشن ہونے کے باجود پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی ہدایات کے پیش نظر تمام آئینی وقانونی تقاضوں کے مطابق انٹرا پارٹی انتخاب کا دوبارہ انعقاد کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے دیگر سیاسی جماعتوں کی طرز پر موروثیت کو فروغ دینے کی بجائے قابلیت کی بنیاد پر عہدیداران کا انتخاب کیا، جس کی نئے چئیرمین گوہر علی خان اس کی ایک زندہ مثال ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ایک گھسے پٹے اسکرپٹ کے تحت انٹرا پارٹی الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کرنے والے عناصر کو محض ذلت و رسوائی کے سوا کچھ حاصل نہ ہوگا۔ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ عام انتخابات کی جانب بڑھتے ہوئے ہر سنگِ میل کو پی ٹی آئی کامیابی سے عبور کرے گی اور انشاءاللہ دوتہائی اکثریت سے فتح حاصل کرکے بلا راج کرے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close