چیئرمین پی ٹی آئی کے تمام اختیارات کون استعمال کرے گا؟

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی محمد خان نے کہا ہے کہ لیول پلینگ فیلڈ دی جائے، پنجاب میں ہمارا کوئی جلسہ نہیں ہو رہا، عمران خان کے چیئرمین شپ سے پیچھے ہٹنے کی وجہ سیاسی ہے، پارٹی چیئرمین کے تمام اختیارات بیرسٹر گوہر استعمال کرسکیں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر سیاسی کیسز بنے ہیں،

انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پارٹی کے عہدے سے پیچھے ہٹنے کی وجہ سیاسی ہے، عبوری مدت کیلئے بیرسٹر گوہر عہدہ سنبھالیں گے۔علی محمد خان نے کہا کہ پارٹی چیئرمین کے تمام اختیارات بیرسٹر گوہر استعمال کرسکیں گے، بیرسٹر علی ظفر نے بھی یہی بات کی جو میں کر رہا ہوں ، زندگی میں تلخ تجربات ہوتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی سارے فیصلے خود نہیں کرتے تھے، کور کمیٹی توثیق کرتی تھی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عثمان بزدار کو ہم صوبہ پنجاب میں اس طرح نہیں چلاسکے، جس طرح چلانا چاہئے تھا۔انہوں نے کہا کہ 20 سال پرانوں نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو چھوڑ دیا، اس بار بھی پی ٹی آئی حکومت میں آئے گی تو پہلے سے زیادہ بہتر ٹیم اور اچھے فیصلے نظر آئیں گے۔علی محمد خان نے کہا کہ میں جس حلقے سے جیتا ہوں، میرے گائوں کو اس حلقے سے نکال دیا گیا، آپ ووٹرز کو یہاں کریں یا وہاں، لوگ ہمیں ووٹ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام فیصلہ کرچکے، بہتر ہوگا کہ لیول پلینگ فیلڈ دی جائے، پنجاب میں ہمارا کوئی جلسہ نہیں ہو رہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close