پنجاب حکومت کا کل تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رکھنے کا فیصلہ

لاہور(پی این آئی) نگران پنجاب حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اسموگ میں نمایاں کمی کے باعث کل 2 دسمبر ہفتے کو تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلیں گے۔

انہوں نے ایکس پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پنجاب بھر میں مارکیٹیں، بازار، ریسٹورانٹس اور کاروباری ادارے ہفتہ اور اتوار کو معمول کے مطابق کھلیں گے۔ اگلے ہفتے سموگ کی صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور اقدامات تجویز کئے جائیں گے۔ نگران وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ 2 دسمبر بروز ہفتہ پنجاب بھر کے تمام سرکاری تعلیمی ادارے حسب معمول کھلے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیاں 18 دسمبر سے یکم جنوری تک ہوں گی۔ مزید برآں محکمہ اسکولز ایجوکیشن پنجاب نے موسم سرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر کے نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 18 دسمبر سے شروع ہوں گی، اور تمام اسکولز موسم سرما کی تعطیلات کے باعث یکم جنوری تک بند رہیں گے، چھٹیوں کے بعد پنجاب بھر کے اسکول 2 جنوری سے معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔ یاد رہے گزشتہ روز پنجاب میں اسموگ سے متعلق نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں ایئرکوالٹی انڈیکس بہتر ہونے پر پنجاب میں اسموگ پابندی ختم کردی گئی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بارش کے بعد ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ موسم سرما کی تعطیلات 18 دسمبر 2023 سے یکم جنوری 2024 تک ہوں گی۔

اسی طرح صوبہ سندھ میں بھی موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم سندھ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں 22 سے 31 دسمبر تک تعطیلات ہوں گی، موسم سرما کی تعطیلات کا اطلاق سندھ کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں پر ہوگا، محکمے کی سالانہ اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کے تحت تعطیلات کی جارہی ہیں، کراچی سمیت سندھ بھرمیں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے یکم جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے رواں موسم سرما میں معمول یا معمول سے زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں، ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، ملک کے مغربی اور شمال مغربی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش متوقع ہے، بلوچستان، خیبرپختونخوا میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے، بالائی پنجاب اور کشمیر میں معمول سے قدرے زیادہ بارش ہوگی، جنوب مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخواہ میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت رہنے کا امکان ہے، گلگت بلتستان میں بھی معمول سے زیادہ درجہ حرارت رہنے کی توقع ہے، رواں مہینے شمال مغربی خیبر پختونخواہ میں معمول سے قدرے زیدہ بارشیں ہوں گی جبکہ اونچے پہاڑوں پر برف باری ہوسکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں