نوازشریف نے چوتھی بار وزیراعظم بننے کا فیصلہ تاحال نہیں کیا، قریبی ساتھی کا دعویٰ

لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف چوتھی مرتبہ وزیراعظم بن کر استعفیٰ دے دیں گے، یہ کسی اور کا فیصلہ ہے یا انہوں نے خود کیا، دلچسپ دعویٰ کر دیا گیا۔

نوازشریف نے چوتھی بار وزیراعظم بننے کا فیصلہ تاحال نہیں کیا، نوازشریف کے قریبی ساتھی کا کہنا ہےکہ پارٹی چاہتی ہے کہ نوازشریف چوتھی مرتبہ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالیں، یہ ان لوگوں کے خلاف انتقام ہو گا جنہوں نے 2017 میں انہیں اس منصب سے ہٹایا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ نوازشریف کو آئندہ انتخابات میں جیت کے بعد ایک دفعہ وزیراعظم بنوانا ضرور ہے اس کے بعد چاہے وہ مستعفی ہو جائیں۔ نوازشریف سے متعلق یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ وزیراعظم کے عہدے کیلئے ان کی پسند مریم نواز یا شہباز شریف ہو سکتے ہیں، تاہم ووٹرز کو متوجہ کرنے کیلئے پارٹی نوازشریف کو ہی وزیراعظم بنانے کا بیانیہ سامنے لے کر آرہی ہے۔ یہ بھی خیال ہے کہ مریم نواز کو پنجاب میں ہی کوئی ذمہ داری دے دی جائے۔

واضح رہے کہ نوازشریف کو 2 روز قبل ایون فیلڈ ریفرنس سے بری کر دیا گیا جس کے بعد سے ان کے مخالفین ان کے لاڈلے ہونے سے متعلق پروپیگنڈا میں تیزی لائے ہیں۔ گزشتہ حکومت میں مسلم لیگ (ن) کی بڑی اتحادی پیپلزپارٹی اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے لیول پلئینگ فیلڈ کا معاملہ بار بار اٹھاتی نظر آتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں