تحریک انصاف کی سندھ میں کمر ٹوٹ گئی، سینئر سیاستدان نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا

کراچی ( پی این آئی ) صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعلیٰ سندھ نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے پلیٹ فارم سے آئندہ الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے انہوں نے کہا ہے کہ میں پیر پگارا کے ساتھ ہوں اور مل کر الیکشن لڑیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی سے ہمارا کوئی رابطہ نہیں ہے جب کہ بشیر میمن سندھ میں مسلم لیگ ن کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے 3 سابق ارکان اسمبلی کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان بھی جلد متوقع ہے، پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کریں گے، پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 216 سے تحریک انصاف کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی جاوید اختر انصاری، پی پی 220 سے ڈاکٹر اختر ملک اور پی پی 271 سے تعلق رکھنے والے عون حمید ڈوگر آج مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی نے بھی سیاسی محاذ پر تحریک انصاف کو ایک اوربڑا جھٹکا دینے کا فیصلہ کیا ہے، دو سابق ایم این ایز اور ایک سابق صوبائی وزیر نے آئی پی پی کے سربراہ جہانگیرترین کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے، دو سابق ارکان قومی اسمبلی نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی ہے، اسی طرح ایک سابق صوبائی وزیر کی بھی آئی پی پی قیادت سے ملاقات ہوئی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ جہانگیر ترین سے سابق ایم این اے سردار ذوالفقار دُلا، سابق ایم این اے غلام محمد لالی کی ملاقات ہوئی، سابق صوبائی وزیرکرنل ریٹائرڈ محمد انور نے بھی جہانگیرترین سے ملاقات کی، تینوں ارکان چند روز میں باضابطہ پریس کانفرنس میں آئی پی پی میں شمولیت کااعلان کریں گے، جہانگیرترین نے تینوں رہنماوں کے فیصلے کا خیر مقدم کیا، اس ملاقات میں آئی پی پی رہنما غلام سرورخان، اسحق خاکوانی، عون چوہدری، سعید اکبر نوانی بھی شریک تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں