اسلام آباد ( پی این آئی ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو بری کر دیا ہے جب کہ نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم کی بریت کے خلاف اپیل واپس لے لی جس کی بنیاد پر عدالت نے یہ معاملہ نمٹا دیا۔
عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے قائد ن لیگ نواز شریف کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، میں نے معاملات اللہ پر چھوڑے تھے، اللہ تعالیٰ نے آج سرخرو کیا ہے۔نوازشریف سے جب دوسرے کیس سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اللہ پر چھوڑا ہوا ہے۔نوازشریف سے صحافی نے سوال کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر بن گئے ہیں، کیا کہیں گے۔جس کا جواب دیتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ بس یہی قدرت کا نظام ہے۔جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کے بری ہونے پرردِعمل آگیا ۔مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جب انسان ظلم سہنے کے باوجود اپنے معاملات اللّہ تعالیٰ کے سپرد کر دیتا ہے تو وہ پوری دنیا کے سامنے انسان کو کس طرح سُرخرو کرتا ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ یہ اس کی ایک مثال ہے ! شکر الحمدُللّہ !۔
خیال رہے کہ ہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی، آج کی سماعت میں ن لیگ کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دئیے تھے۔بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو بری کر دیا۔ نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم کی بریت کے خلاف اپیل واپس لےلی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں