لاہور (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری سالک حسین نے کہا ہے کہ الیکشن میں کوئی جماعت اکثریت لیتی دکھائی نہیں دیتی،عام آدمی کا مسئلہ مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو مسائل سے نکالنے کا پلان دیئے بغیر الیکشن ملکی مسائل کا حل نہیں،الیکشن میں کوئی جماعت اکثریت لیتی دکھائی نہیں دیتی، ابھی تو الیکشن کا ماحول نظر نہیں آرہا، عام آدمی کا مسئلہ مہنگائی اور بے روزگاری ہے، ایران سے سستی گیس اور توانائی کی دیگر ضروریات پوری کرنا ہوں گی، ایران سے گیس لینے سے سالانہ 10ارب ڈالر کی بچت ہوگی، مہنگی توانائی عوام اور صنعتکاروں کی پہنچ سے دور ہے، سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار بنانا ہوگا، نگران وزیراعلیٰ بہت اچھا کام کررہے ہیں۔ چودھری سالک نے کہا کہ چودھری سرور نے ہمیں نہیں چھوڑا وہ واپس آکر وضاحت کریں گے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت نے پارٹی کے چیف آرگنائزر چودھری محمد سرور کو موجودہ صورتحال میں کسی بھی طرح کا سیاسی فیصلہ کرنے سے روک دیا۔ ذرائع کے مطابق صدر پاکستان مسلم لیگ شجاعت حسین اور چودھری سرور کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، دونوں کے درمیان سیاسی معاملات پر گفتگو ہوئی۔ چودھری شجاعت حسین نے چودھری سرور کو اس وقت کوئی بھی سیاسی فیصلہ کرنے سے منع کر دیا۔
چودھری سرور نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی فیصلہ آپکی مشاورت کے بغیر نہیں ہوگا، جلد پاکستان آکر چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کروں گا۔اس حوالے سے سیکرٹری اطلاعات ق لیگ سنٹرل پنجاب خواجہ رمیض حسن کا کہنا ہے کہ چوہدری سرور ق لیگ کے چیف آرگنائزر ہیں، پارٹی چھوڑنے کی خبروں میں صداقت نہیں۔میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ سیاست میں جوڑ توڑ سیاسی نظام کا جزو ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں