پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات سے متعلق قیاس آرائیاں، تحریک انصاف کا باضابطہ ردِعمل بھی آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) ترجمان پی ٹی آئی نے انٹراپارٹی انتخاب سے متعلق میڈیا میں چلنے والی قیاس آرائیوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے انٹراپارٹی انتخابات میں بطور چیئرمین حصہ نہ لینے کے دعویٰ کی تردید کرتے ہیں، امیدواروں سمیت تمام اہم معاملات کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد اور چیئرمین عمران خان کے نئی مدت کیلئے انتخاب میں حصہ لینے کا معاملے پر ترجمان پی ٹی آئی کا مئوقف سامنے آگیا ہے۔ترجمان تحریک انصاف کے ایکس پر جاری کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے انٹراپارٹی انتخاب کے حوالے سے میڈیا میں کی جانے والی قیاس آرائیوں کی سختی سے تردید کی ہے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے الیکشن کمیشن کے حکم پر کروائے جانے والے انٹراپارٹی انتخابات میں بطور چیئرمین حصہ نہ لینے کے حوالے سے سینئر رہنما کے دعویٰ کی تردید کردی ہے۔انٹرا پارٹی انتخاب کے انعقاد کے حوالے سے تمام اہم امور پر غور و خوض کا سلسلہ جاری ہے، چیئرمین عمران خان کی انتخابات سے دستبرداری یا کسی اور رہنما کی نامزدگی کا ہرگز کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، انٹراپارٹی انتخابات کے انعقاد، تاریخ و طریقہ کار اور امیدواران کے تعین سمیت تمام اہم معاملات پر جوں ہی قیادت کسی نتیجے پر پہنچے گی اسے باضابطہ طور پر جاری کیا جائے گا۔یاد رہے ایڈیٹر انوسٹی گیشن دی نیوز انصار عباسی نے جیونیوز کو بتایا کہ بیرسٹر گوہر خان اور کچھ دیگر وکلاء کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیاجیل میں ملاقات ہوئی ہے۔

میری اطلاع کے مطابق عمران خان پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے، جس پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی خواہش اور تجویزہے کہ جب تک ان کے چیئرمین پی ٹی آئی بننے کیلئے قانونی مسائل ہیں تب تک کیلئے بیرسٹر گوہر خان کو چیئرمین پی ٹی آئی کا امیدوار نامزد کردیا جائے، اب یہ معاملہ کور کمیٹی کے اجلاس میں بھی زیرغور آئے گا۔بتایا گیا ہے کہ بیرسٹر گوہر خان نے چیئرمین نامزد ہونے کی تصدیق یا تردید نہیں کی ، بلکہ انہوں نے کہا کہ ایک دن انتظار کرلیں، قوی امکان ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے جوپارٹی چیئرمین کے امیدوارکاپینل ہوگا اس میں بیرسٹر گوہر کا نام شامل ہوگا۔اسی طرح میڈیا کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی الیکشن جمعے کو ہوں گے، پی ٹی آئی کور کمیٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین بلامقابلہ رہیں گے ،جبکہ باقی عہدوں پر انتخاب کرائے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن میں چیئرمین کے امیدوار نہیں ہوں گے۔

انٹراپارٹی الیکشن میں دوسرا رکن بطور چیئرمین منتخب کیا جائے گا، چیئرمین پی ٹی آئی نے جیل سے پارٹی کی کور کمیٹی کو پیغام پہنچا دیا ہے، توشہ خانہ کیس میں سزا کے باعث انٹراپارٹی الیکشن میں بطور چیئرمین نیا امیدوار ہوگا، نئے چیئرمین کیلئے نام کا فیصلہ خود چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کریں گے۔ شیرافضل مروت کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں