خواجہ آصف کا ملکی معیشت سے متعلق بڑا دعویٰ

سیالکوٹ (پی این آئی) سابق وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف دعوی کیا ہے کہ آئندہ دو سالوں میں معیشت ناصرف کھڑی ہوگی بلکہ بھاگے گی۔ سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک ہر زبان پر ہے کہ نواز شریف وزیراعظم بن رہا ہے۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ چار سال ملک کا نقصان ہوا جنہوں نے یہ تجربہ کیا ان کا احتساب ہونا چاہیے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے یہ بھی کہا کہ اس پارٹی کے لوگوں نے کرپشن کےلیے پورا ٹبر سیاست پہ لگا دیا، مجھے اس کی توشہ خانہ کی کہانیاں سناتے ہوئے بھی شرم آتی ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ نوجوانوں کے ساتھ 4 سال جو کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے۔ مہنگائی ختم اور معیشت ٹھیک ہوجائے گی لیکن اخلاقی روایات کیسے ٹھیک ہوں گی؟ قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے اپنے بیان میں کہا کہ اسٹیبلشمنٹ طے کر چکی ہے وہ اب سیاست میں مداخلت نہیں کرے گی۔ پاکستان تحریک انصاف نے خود اپنے خلاف سازش کی، اب لیول پلیئنگ فیلڈ دینے کا کہتے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ 2018 میں اناڑی کو مسلط کرکے سی پیک کا منصوبہ تہس نہس ہوا۔ 2018 کی سازش کے بعد منصوبے کے تحت پاکستان کو معاشی بدحال کیا گیا۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف نے پالیسی بیان دیا کہ جنہوں نے ان کے ساتھ برا کیا انہیں معاف کرتا ہوں، اکثریت ملی تو ہم اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کریں گے، اپوزیشن میں بیٹھنے والوں کو بھی تسلیم کریں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ 2014 میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ کے واقعات پر احتساب ہوجاتا تو 9 مئی نہ ہوتا، پی ٹی آئی اس وقت لیول پلیئنگ فیلڈ کا شکار نہیں، پی ٹی آئی پاکستان کے ریاستی اداروں سے ٹکرائی، جو بھی ریڈ لائن کراس کرتا ہے اسے سزا ملنی چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close