صدر عارف علوی کی برطرفی، سپریم کورٹ سے اہم خبر آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) صدرمملکت عارف علوی کو عہدے سے برطرف کرنےکے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

شہری کی جانب سے دائر ہونیوالی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ صدر مملکت کی جانبداری اور مس کنڈکٹ کے خلاف کارروائی کا حکم دے،صدر عارف علوی اگرمس کنڈکٹ کے مرتکب پائے جائیں تو انہیں عہدے سےبرطرف کیا جائے۔ درخواست میں کہاگیا ہےکہ صدر مملکت جانبدار ہیں اور ملکی سربراہ کے عہدے پر رہنےکے اہل نہیں، صدر مملکت اپنے عہدے پر غیر جانبداری سےکام نہیں کر رہے، صدر مملکت اپنی آئینی ذمہ داری سے انحراف برتتے ہوئے عہدے کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق صدر عارف علوی اپنےدفتر کو پاکستان تحریک انصاف کے حق میں استعمال کر رہے ہیں، صدر نے انتخابات کی تاریخ نہ دے کر اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں، صدر نے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ جیسے معاملات پر سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کیے، صدر مملکت نے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ پر دستخط نہ کر کے اپنی جانبداری کا ثبوت دیا۔شہری کی درخواست میں صدر عارف علوی ان کے سیکرٹری اور وزارت قانون و انصاف کو فریق بنایا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں