ڈیم فنڈ میں اربوں روپے کا اضافہ ہوگیا، تفصیلات جاری

اسلام آباد (پی این آئی) ڈیم فنڈ میں اربوں روپے کا اضافہ، اکاونٹ میں موجود رقم کی تفصیلات جاری کر دی گئیں، سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے قائم کیے گئے ڈیم فنڈ اکاونٹ کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کر دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا ہے کہ ڈیم فنڈ میں 17 ارب 86 کروڑ روپے سے زیادہ رقم موجود ہے۔سینیٹ کے اجلاس میں ڈیم فنڈ سے متعلق تفصیلات کا تحریری جواب نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے جمع کروا دیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ ڈیم فنڈ میں 17 ارب 86 کروڑ 28 لاکھ 76 ہزار 620 روپے موجود ہیں۔ نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے ایوان میں چیف جسٹس۔ پرائم منسٹر ڈیم فنڈ کے تحت جمع کی گئی رقم اور اس کے استعمال کی تفصیلات سے متعلق تحریری جواب جمع کروا دیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ 26 جولائی 2023ء تک 11 ارب 46 کروڑ 69 لاکھ 37 ہزار 658 روپے موصول ہوئے۔نگراں وزیر خزانہ کے جمع کرائے گئے جواب کے مطابق سرکاری سرمایہ کاری پر منافع کی صورت میں 6 ارب 29 کروڑ 59 لاکھ 38 ہزار 962 روپے حاصل ہوئے۔ جس سے فنڈ کی رقوم کی مالیت 17 ارب 86 کروڑ 28 لاکھ 76 ہزار 620 روپے ہوچکی ہے۔ تاوقتیکہ اسٹیٹ بینک میں کھولے جانے والے اکاؤنٹ سے کوئی رقوم نہیں نکالی گئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close