صوابی (پی این آئی) پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو صوابی جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔
اسد قیصر کو جیل کے اندر ہی چارسدہ پولیس کے حوالے کردیا گیا، پولیس اسد قیصر کو سخت سیکیورٹی میں پولیس چارسدہ لیکر روانہ ہو گئی۔ آج صوابی جیل کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی،آج صبح صوابی کی عدالت نے گرفتار سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ضمانت منظور کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماء کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا، اس حوالے سے اینٹی کرپشن عدالت میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی جہاں جج بابر علی خان نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر عدالت نے اسد قیصر کی ضمانت منظور کرلی اور انہیں 80 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا، عدالتی فیصلے کے نتیجے میں اسد قیصر کی صوابی جیل سے رہائی آج ہی عمل میں لائے جانے کا امکان ہے۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سماعت پر مقامی عدالت نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، کرپشن کے الزام کے کیس میں اینٹی کرپشن صوابی نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو جوڈیشل مجسٹریٹ محمد خلیل خان کی عدالت میں پیش کیا، اسد قیصر کی عدالت پیشی کے موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جس کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
دوران سماعت اسد قیصر کے وکیل ارشد ایڈوکیٹ نے کہا کہ ’اسد قیصر کو جوڈیشل کرنے کے بعد اب ہم اینٹی کرپشن کورٹ میں ضمانت کے لئے درخواست دیں گے‘، بعدازاں عدالت نے اسد قیصر کو گجوخان میڈیکل کالج صوابی کے لئے طبی آلات کی خریداری میں کرپشن کے الزام میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ خیال رہے کہ چند روز قبل پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا، سابق سپیکر کو کرپشن کیس میں محکمہ اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا، رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر کے بھائی نے بتایا کہ سابق سپیکر قومی اسمبلی کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا، اسد قیصر گھر پر ہی موجود تھے جب پولیس اور سادہ لباس اہلکار آئے اور سادہ لباس اہلکار رہنماء پی ٹی آئی کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں