لاہور (پی این آئی) سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے انسدادِ دہشت گردی عدالت میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ نو مئی کا فائدہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو ہوا۔
عمر سرفراز نے مزید کہا کہ جو کہتے تھے چیرمین پی ٹی آئی فتنہ ہے وہ سب سے بڑا فتنہ ہیں۔وہ نو مئی کے واقعات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ گذشتہ روز لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ کا وزیر اعظم ہائوس لاہور حملہ کیس میں جسمانی ریمانڈ دینے کی لاہور پولیس کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا تھا۔9 مئی واقعات کے حوالے سے درج مقدمات میں پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر موجود پی ٹی آئی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد اور سابق گورنر پنجاب کو لاہور پولیس نے وزیر اعظم ہائوس لاہور پر حملے کے مقدمے میں نامزد کر کے گرفتار کر لیا۔ نئے کیس میں نامزدگی کے بعد پنجاب پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ کو عدالت میں پیش کیا اور ان کا 30 دن کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج عبہر گل نے درخواست پر سماعت کی، تفتیشی افسر نے درخواست کی کہ یاسمین راشد اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سے ملک اور فوج کے خلاف سازش کے بابت تفتیش کرنی ہے، تاہم انسداد دہشت گردی عدالت نے تفتیشی افسر کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے 4 دسمبر تک پولیس سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کر لیا۔خیال رہے کہ یاسمین راشد کو ابتدائی طور پر مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او)کے تحت 9 مئی کے واقعات کے سلسلے میں حراست میں لیا گیا تھا۔لاہور ہائی کورٹ نے 13 مئی کو یاسمین راشد کی رہائی کا حکم دیا تھا لیکن محض چند گھنٹے بعد 9 مئی سے متعلق مزید تین مقدمات میں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا جن میں جناح ہائوس حملہ کیس بھی شامل ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں