معروف کاروباری شخصیت پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئی

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد کی معروف کاروبای سماجی شخصیت اورنگزیب وڑائچ نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

اعلامیہ پیپلزپارٹی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور سے اسلام آباد کی معروف کاروباری اور سماجی شخصیت اورنگزیب وڑائچ نے ملاقات کی۔ فریال تالپور سے اورنگزیب وڑائچ نے زرداری ہاوَس اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران اورنگزیب وڑائچ نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اورنگزیب وڑائچ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ فریال تالپور نے اورنگزیب وڑائچ کو پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا ۔ فریال تالپور نے کہا کہ تمام طبقات کو ساتھ لے کر ملک کو آگے بڑھانے کا تدبر صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے پاس ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بیانیہ نفرت و تقسیم کی سیاست کا خاتمہ اور متحد پاکستان ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بیانیہ پاکستان بھر کی عوام خصوصاً نوجوانوں کے دل کی آواز ہے، پاکستان کے عوام آئندہ وزیراعظم صرف اور صرف چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو دیکھنا چاہتے ہیں۔

اسی طرح چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے چترال میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چترال کے عوام کا مطالبہ سامنے آیا کہ چترال والے چاہتے ہیں کہ آصفہ بی بی چترال سے الیکشن لڑے، میں آصفہ بھٹو سے پوچھوں گا، ان سے کہوں گا کہ یہ آپ کی نانی کی سیٹ ہے، الیکشن لڑیں اور عوام کی خدمت کریں، ہم آصفہ کو منائیں گے اگر آصفہ نہ مانی تو خاندان سے کوئی اور بندوبست کریں گے، کیونکہ یہ پاکستان پیپلزپارٹی کی خاندانی سیٹ ہے، چترال کی ایسے ہی خدمت جاری رکھیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملک کی صورتحال دیکھ کر دکھ ہوتا ہے، عوام کے دکھ درد کم کرنا چاہتا ہوں، پرانے سیاستدانوں کی سیاست سے تکالیف کم نہیں ہوں گی، جس سمت میں ملک چل رہا ہے اس سے مسائل بڑھیں گے، پرانے سیاستدان عوام کی مشکلات میں اضافہ کریں گے کیوں کہ ان کا ارادہ خدمت نہیں بلکہ انتقام اور حساب لینا ہے، ان سے سیاست چھوڑنے کا مطالبہ نوجوانوں کا ہے، نوجوان چاہتے ہیں کہ ان پرانے سیاستدانوں سے جان چھوٹے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے سیاست شروع کی توعمر کیا تھی؟ اور جب بے نظیروزیراعظم بنیں تو ان کی عمر کیا تھی؟ بے نظیر بھٹو دنیا کی سب سے کم عمر وزیراعظم تھیں، میں اپنے بزرگوں کا احترام کرتا ہوں، پی ٹی آئی والوں کی طرح گالی نہیں دیتا، پرانے سیاستدانوں سے اعتراض یہ نہیں کہ وہ بوڑھے ہو گئے ہیں، اعتراض یہ ہے کہ وہ پرانی سیاست نہیں چھوڑتے، انہیں چاہیئے کہ اب گھر بیٹھ کر نوجوانوں کیلئے دعا کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close