اسلام آباد (پی این آئی) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے چیئرمین تحریک انصاف کو جیل میں زہر دینے کا الزام غیر ذمہ دارانہ قرار دیدیا۔
کہا انہیں نہ نگراں حکومت نے گرفتار کیا اور نہ شاہی فرمان کے ذریعے ان کو رہا کر سکتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں مکمل محفوظ اور ہماری ذمہ داری ہيں۔ایک ٹی وی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے لیول پلیئنگ فیلڈ کے الزام کو سنجیدہ نہیں لیتے۔ لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کا الزام ووٹرز کو متوجہ کرنے کا حربہ ہے۔تمام جماعتیں اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، ہماری ترجیح ہے کہ جلد از جلد الیکشن ہوں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں عوام اپنا مینڈیٹ استعمال کرکے لوگوں کو مینڈیٹ دیں، ہم چاہتے ہیں ایک منتخب حکومت آئے اور اپنی ذمہ داریاں سنبھالے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہم نے ایسا کون سا کام کیا ہے جس سے متعلق تاثر دیا جا رہا ہے ہم کسی فریق سے متعلق جانبدار ہیں۔انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ یہاں کوئی اذیت پسند لوگ نہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ذاتی بدلہ لینا ہے، دیگر جماعتیں اپنی سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، پی ٹی آئی لیڈر بھی اپنے علاقوں میں سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپنے آپ کو ووٹر کے سامنے مظلوم قرار دینا کسی بھی جماعت کا بیانیہ ہو سکتا ہے۔ ہو سکتا ہے پیپلز پارٹی بھی اپنے ووٹرز کے لیے اس قسم کی گفتگو کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں