مشکل وقت میں تحریک انصاف کیلئے اچھی خبر، سیاسی شخصیت ن لیگ چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوگئی

لیہ (پی این آئی) تحریک انصاف نے ن لیگ کی اہم وکٹ اڑا دی۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار ایم پی اے اسامہ اصغر گجر نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسامہ اصغر گجر کے علاوہ سابق چیئرمین یونین کونسل ثنا اللہ گجر نے بھی ن لیگ چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ لیگی رہنماؤں نے صدر پی ٹی آئی ریاض پیرزادہ سے ملاقات کی اور اس موقع پر انہوں نے پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ ریاض پیرزادہ نے لیگی رہنمائوں کو پارٹی میں ویلکم کیا اور مفلر بھی پہنائے۔ ادھر استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کی ایک اور اہم وکٹ اڑا دی۔ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں وزیر رہنے والے سینئر رہنما ڈاکٹر امجد نے آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی سابق رہنما ڈاکٹر امجد نے پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین و صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیںئررہنما آئی پی پی غلام سرور خان اور عون چوہدری بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر امجد نے پارٹی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان نے ڈاکٹر امجد کو پارٹی میں خوش آمدید کہا اور پارٹی مفلر پہنایا۔ قبل ازیں سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان نے جہانگیر ترین اور علیم خان سے ملاقات کی۔ جہانگیر ترین اور علیم خان کی جانب سے غلام سرور کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی گئی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔ اس سے قبل تحریک انصاف کے کئی رہنما استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوچکے ہیں جن میں علی زیدی، عمران اسماعیل، فردوس عاشق اعوان، عندلیب عباس اور دیگر شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close