لاہور(پی این آئی) پنجاب حکومت کے ترجمان عامر میر نے اڈیالہ جیل میں سینئر امریکی عہدیداروں کی عمران خان سے ملاقات کے دعوے کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق چار روز قبل چوہدری پرویز الہیٰ نے عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے امریکی عہدیداران، یورپین یونین کے نمائندوں اور آئی ایم ایف وفد نے ملاقات کی ہے۔پرویز الہیٰ کے دعوے کے بعد جیل سپرنٹنڈںٹ اور محکمہ جیل خانہ جات کے ترجمان نے اس کی تردید کی تھی اور بتایا تھا کہ عمران خان سے کسی بھی غیر ملکی نے ملاقات نہیں کی، چیئرمین پی ٹی آئی سے صرف اہل خانہ اور وکلا کی ملاقات ہوئی ہے۔ترجمان نے کہا تھا کہ پرویز الہیٰ اور عمران خان دونوں ایک جیل میں تو ہیں مگر ان کے سیل کے درمیان پانچ سو میٹر کا فاصلہ ہے اور دونوں کی اب تک کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے۔اب پنجاب حکومت کے ترجمان عامر میر نے پرویز الہیٰ کے بیان ’حال ہی میں سینئر امریکی حکام کی اڈیالہ جیل میں عمران خان کے ساتھ ملاقات‘ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ جیل میں کسی امریکی عہدیدار نے عمران خان سے ملاقات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ جیل میں کسی بھی قیدی سے ملاقات کے لیے وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور صوبائی ہوم ڈیپارٹمنٹ کی اجازت درکار ہوتی ہے، لیکن نہ تو کسی غیر ملکی ڈپلومیٹ کی جانب سے عمران سے ملاقات کی درخواست آئی اور نہ ہی ایسی کوئی ملاقات ہوئی۔عامر میر نے مشورہ دیا کہ پرویزالٰہی کو جھوٹی کہانیاں گھڑنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں