علامہ اقبال ٹائون کے گھر میں داخل ہونے والے 6ڈاکومقابلے میں مارے گئے

پولیس نے ایمر جنسی کال پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے علامہ اقبال ٹائون کے ایک گھر میں داخل ہونے والے 6ڈاکوئوں کو مقابلے میں ہلاک کر دیا ،پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان مقابلے کے دوران خوش قسمتی سے اہل خانہ محفوظ رہے ، پولیس نے فرانزک ماہرین کی مدد سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ڈاکوئوں کی لاشوں کو مردہ خانہ منتقل کرکے شناخت کا عمل شروع کر دیا ۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز 4مسلح ڈاکو علامہ اقبال ٹائون کے کالج بلاک میں واقعہ ڈاکٹر عباد نامی شہری کے گھر میں داخل ہوگئے جبکہ 2ڈاکو گھر کے باہر پہرے پر موجود رہے ۔

اسی دوران گھر کی چھت پر موجود لڑکی نے ڈاکوئوں کو دیکھ کر شور مچا دیا جس پر اہل علاقہ نے فوری طور پر پولیس ایمر جنسی 15پر کال کر دی ۔ وائرلیس ہونے پر پیٹرولنگ پولیس موقع پر پہنچی تو پہرے پر موجود ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی اورجوابی فائرنگ سے دونوں ڈاکو مارے گئے ۔ ایس پی اقبال ٹائون اور ایس پی سی آئی سمیت دیگر افسران بھی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور گھر کو گھیرے میں لے لیا گیا ۔ پولیس کے مطابق یر غمال بنائے گئے تمام اہل خانہ کوبحفاظت باہر نکال لیا گیا جس کے بعد 2ڈاکوپولیس سے مقابلہ کرتے ہوئے گھر کے اندر مارے گئے جبکہ 2ڈاکو فرار ہونے کی کوشش میں پولیس کی گولیوں کا نشا نہ بن گئے۔

پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان مقابلے میں خوش قسمتی سے تمام اہل خانہ محفوظ رہے ۔ پولیس کی جانب سے فرانزک ماہرین کو بھی طلب کر لیا گیا اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ڈاکوئوں کی لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس کے مطابق مارے جانے والے ڈاکوئوں کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے ۔پولیس مقابلے کے دوران پولیس نے ناکہ بندی کر کے علاقے کو گھیرے میں لئے رکھا جس کی وجہ سے اہل علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں