بلاول بھٹو نے ن لیگ میں شامل ہونیوالوں سے متعلق بڑی پیشنگوئی کر دی

مردان (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جو الیکٹیبلز مہنگائی لیگ میں شامل ہوں گے وہ الیکٹیبلز نہیں رہیں گے، پرانے لوگ الیکٹیبلز کی تلاش میں ہیں، ایک زمانے میں الیکٹبلز کی سیاست چلتی تھی، اگر ایک بار پھر الیکشن کے بجائے سلیکشن ہوئی تو عوام کا بہت نقصان ہوگا۔ انہوں نے مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام پر بھروسہ کیا ہے، باقی جماعتوں کو بھی کہتے ہیں اپنے منشور اور سیاست پر بھروسہ کریں ، دائیں بائیں نہیں صرف عوام کی طرف دیکھنا ہے،

اگر ایک بار پھر کسی کو مسلط کیا جاتاہے ایک بار پھر اگر الیکشن نہیں سلیکشن ہوتی ہے تو اس کا نقصان پاکستان کے عوام اٹھائیں گے، عوام نے پہلے بھی سلیکٹڈ راج کو بھگتا ہے، اب عوام سلیکٹڈ راج کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ عوام نے ووٹ کا حق استعمال کرنا ہے، ووٹ کا حق استعمال کریں تاکہ پاکستان کی ترقی ہو، نوجوانوں کا مستقبل روشن ہو، پاکستان ایسی ماڈرن ریاست بنے جو پوری دنیا میں سر اٹھا کرکام کرسکے۔ ہم پاکستان کو نوجوانوں کے ساتھ مل کر دنیا کا بہترین ملک بنا دیں گے۔ پرانے لوگ الیکٹیبلز کی تلاش میں ہیں، ایک زمانے میں الیکٹبلز کی سیاست چلتی تھی، آج الیکٹیبلز کی اہمیت ضرور ہوگی ، لیکن جو الیکٹیبلز مسلم لیگ ، مہنگائی لیگ میں شامل ہوں گے وہ الیکٹیبلزنہیں رہے۔ برا نہ مانیں، یہ زمینی حقائق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مردان میں پرجوش استقبال پر شکرگزار ہوں۔ انتخابی شیڈول کے بعد ہم مردان میں دوبارہ جلسہ کریں گے۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ اس وقت ملک میں مشکلات ہے، معاشی بحران سے تاریخی مہنگائی ہے۔ مہنگائی، غربت اور بےروزگاری کا حل پیپلز پارٹی ہے۔ پیپلز پارٹی کو الیکشن میں کامیاب کرانا ہے تاکہ عوام راج قائم ہو سکے۔ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عوام کی خدمت کی ہے۔شہید بینظیر بھٹو نے 30سال سیاسی جدوجہد کی، 2 آمروں سے ٹکرائیں۔قائد عوام ذوالفقار بھٹو کی شہادت کے بعد بینظیر بھٹو نے پیپلزپارٹی کا پرچم تھام لیا،قائد عوام ذوالفقار بھٹو نےعوام او ر جمہوریت کیلئے جدوجہد کی، شہادت قبول کی، قائد عوام ذوالفقار بھٹو نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا۔ قائد عوام ذوالفقار بھٹو نے عوام کوووٹ کی طاقت دلوائی ۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہم نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست کو پیچھے چھوڑنا چاہتے ہیں۔اب ہمیں نئی سیاست کا آغاز کرنا پڑے گا۔نئی سیاست سے ہم ان مسائل سے نکل سکتے ہیں۔ پرانے سیاستدان ماضی میں پھنسے ہیں،وہ نہ آج کی سوچتے ہیں نہ مستقبل کی۔ پی پی کارکنوں نے عوام کو بتانا ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی دشمن پرانی سیاست ہے۔ وقت آپ کا ہے، جیت پیپلز پارٹی کی ہے سب کو نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری خاطر آپس کے اختلافات کو چند ماہ کے لیے بھولنا ہے۔صرف آپ کے پاس اختیار ہے کہ وہ فیصلے کریں کہ ہمارا حکمران کون ہوگا۔ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں،کسی صورت عوام سلیکٹڈ راج کبھی قبول نہیں کریں گے۔ ایک بار پھر الیکشن کی بجائے سلیکشن ہوئی توعوام نقصان اٹھائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close