نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ملکی معیشت سے متعلق خوشخبری سنا دی

اسلام آباد(پی این آئی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے نگران حکومت عام انتخابات میں مکمل غیر جانبدار رہے گی، ملکی معیشت اب مستحکم ہو چکی ہے۔

نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کسی مخصوص سیاسی جماعت کی حمایت کا تاثردرست نہیں،ایسے الزامات سیاسی بیانیہ ہو سکتا ہے،ہم نے معاشی صورتحال بہتر بنانے کا ہدف حاصل کر لیا جو نگران حکومت کیلئےبہت بڑا چیلنج تھا،پاکستان نے آئی ایم ایف کیساتھ سٹاف کی سطح کا معاہدہ بھی کیا ہے،پی ٹی آئی چیئرمین کے آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کا معاملہ عدالتی فیصلے پر منحصر ہے، اگر عدالتوں نےانہیں الیکشن لڑنے سے روک دیا تو نگران حکومت عمل کرنے کی پابند ہوگی، ریاست کسی بھی صورت میں کسی بھی گروپ کو ملک میں تشدد کی اجازت نہیں دے گی،غیرقانونی تارکین وطن کی بیدخلی کے حوالے سے کوئی بیرونی دبائو نہیں ہے، چین اور امریکہ نے ایک دوسرے سے تعلقات میں اضافے کا درست فیصلہ کیا ہے، پاکستان تنہا رہ سکتا ہے نہ ہی کسی ایک بلاک کا انتخاب کر سکتا ہے، فی الحال کسی بھی بلاک کومنتخب کرنے کیلئے اعلیٰ سطح پر کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔

نگران وزیرِ اعظم سے گوادر شپنگ کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا گوادر بندرگاہ مستقبل قریب میں سمندری راستے سے تجارت کا ایک بڑا مرکز ہو گی، حکومت گوادر بندرگاہ میں صنعتوں کے قیام اور صنعتی علاقوں سے مواصلاتی روابط کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے،حکومت کی ترجیح ہے گوادرمیں فشریز کی صنعت کو جدت دی جائے اور گوادر سے فشریز کے شعبے میں برآمدات کی وسیع استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے شپنگ کلیئرنگ ایجنٹس اور ماہی گیروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کی یقین دہانی کرائی۔دریں اثناء نگران وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا پاور ڈویژن، وزارت توانائی نے انسداد بجلی چوری مہم کے ذریعے46 ارب روپےکی وصولی کی، ان تمام سرکاری افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہیں جنہوں نے اس قومی مقصد کیلئے دن رات کام کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close