اسلام آباد(پی این آئی) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان عام انتخابات کا شیڈول دسمبر کے پہلے ہفتے میں جاری کر سکتا ہے۔الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول سے قبل ڈی آو اوز ،آر اوز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔ڈی آر اوز، آروز کی تقرری رواں ماہ ہی کی جائے گی۔ عام انتخابات میں ڈی آر اوز ،آر اوز بیوروکریسی سے لینے کا قوی امکان ہے۔جب کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں تیز کرتے ہوئے امیدواروں کے لیےکاغذات نامزدگی کی چھپائی کا کام شروع کر دیا۔الیکشن کمیشن پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان سے کاغذات نامزدگی چھپوا رہا ہے، انتخابی شیڈول جاری کرنے سے پہلے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے پاس کاغذات پہنچا دیئے جائیں گے، ریٹرننگ افسران کی ڈیمانڈ پر مزید کاغذات نامزدگی فراہم کیے جائیں گے، الیکشن کمیشن ضلع کے مجموعی ووٹرز کے تناسب سے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی دے گا، جنرل نشستوں، خواتین کی مخصوص نشستوں اور اقلیتوں کے لیے سفید رنگ کا کاغزات نامزدگی ہوں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کے بعد انتخابی شیڈول آئندہ ماہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن قانون کے تحت کم از کم 54 دن پر محیط انتخابی شیڈول جاری کر سکتا ہے، اس وقت الیکشن کمیشن میں انتخابی فہرستوں کی تیاری آخری مراحل میں ہیں اور تاحال وفاق اور صوبوں میں ٹرانسفر پوسٹنگ مکمل نہیں ہوسکیں جب کہ الیکشن کمیشن حکام نے بھی دسمبر کے پہلے ہفتے میں انتخابی شیڈول جاری کرنے کی رائے دی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ انتخابی شیڈول کے ساتھ انتخابی فہرستیں منجمد اور پوسٹنگ ٹرانسفر پر پابندی عائد ہو جاتی ہے، اس لیے نومبر میں آر اوز کی تعیناتی، حلقہ بندیوں کی اشاعت، ووٹر فہرستیں اور پوسٹنگ ٹرانسفر مکمل کرلی جائیں گی، الیکشن کمیشن نے حکام کو مجوزہ انتخابی شیڈول کی تیاری کی ہدایت کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں عام انتخابات کی تیاریوں میں تیزی لاتے ہوئے پریذائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ عملے کی فہرست بھی مرتب کرلی ہے، ملک بھر میں کل 10 لاکھ 73 ہزار 361 افسران کو تعینات کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں