اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے جیل میں عمران خان ان کے ساتھ والے سیل میں ہیں جہاں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور یورپی یونین کے لوگ ان سے ملنے آتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ مجھے آج تک کسی نے پریس کانفرنس کا نہیں کہا، چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ سپریم کورٹ کے کہنے پر الیکشن کی تاریخ ملی ہے، اس الیکشن میں دھاندلی نہیں ہو گی، مسلم لیگ ن کے پاس لاہور سمیت پورے پاکستان میں الیکشن کے لیے بندے نہیں ہیں جبکہ چئیرمین پی ٹی آئی کو اتنے ووٹ پڑیں گے جس کی کوئی حد نہیں ہو گی۔ایک سوال کے جواب میں چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا ہمارے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمیشہ ہی اچھے تعلقات رہے ہیں۔اس سے قبل پنجاب اسمبلی میں مبینہ بھرتیوں کے مقدمے میں گرفتار پرویز الہٰی کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے پرویز الہٰی کے خلاف اینٹی کرپشن کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے جیل میں پرویز الہٰی کی فیملی اور وکلاء سے ملاقات کی درخواست منظور کرتے ہوئےپرویز الہٰی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں