لاہور (پی این آئی) حکومت نے لاہور میں سموگ کے خاتمے کیلئے مصنوعی بارش برسانے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے میں سموگ کا مسئلہ بھی زیر غور آیا۔
نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے ماحولیاتی ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں لاہور میں مصنوعی بارش برسانے کا فیصلہ کیا گیا جس کیلئے 28 نومبر کا دن مخصوص کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ شہر میں سورج سموگ کے باعث دھندلا گیا ہے، آلودگی کی مجموعی شرح 343تک جا پہنچی ہے۔ آج بھی لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلا نمبر برقرار رہا۔ لاہور امریکن سکول میں آلودگی کی شرح 446ریکارڈ،سی ای آر پی آفس 438،پولو گرانڈ میں شرح 433،شاہراہ قائداعظم 422،فدا حسین روڈ پر آلودگی کی شرح332ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب شہر میں سردی کا احساس بھی بڑھنے لگا،شہر کا موجودہ درجہ حرارت 16ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں اور اسی امکان کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے مصنوعی بارش برسانے کا فیصلہ کیا ہے۔ قبل ازیں ہمسایہ ملک بھارت نے نئی دہلی میں آب و ہوا کو بہتر بنانے اور زہریلی دھند سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے مصنوعی بارش برسانے کا فیصلہ کیا تھا۔ بھارتی شہر نئی دہلی دنیا کے سب سے آلودہ دارالحکومت میں سرفہرست ہے، جو کہ ایک ہفتے سے دھند کی لپیٹ میں ہے۔
دہلی میں پہلے ہی تمام اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے، تعمیراتی سرگرمیاں روک دی گئی ہیں جبکہ گاڑیوں کے استعمال پر پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ مقامی وزیر ماحولیات کا کہنا ہے کہ قانونی منظوری اور موسمی حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکام 20 نومبر کے قریب شہر میں مصنوعی بارش کے لیے کوشش کریں گے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ عمل کیسے ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں