اسد عمر اور فواد چوہدری کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت سے متعلق اہم انکشاف

لاہور (پی این آئی) استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عامرمحمود کیانی نے احتساب عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی پی پی بھی ساری پی ٹی آئی ہے، فیملی کی طرح ہے،فواد چوہدری سے کوئی اختلاف نہیں۔

انہوں نے اسد عمر سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسدعمر کے ساتھ رابطے میں ہیں، استحکام پاکستان پارٹی میں آنے کا نہیں کہا، اسدعمر سمیت ہم سب نے طویل سفرطے کیا ہے۔سب نے نیک نیتی سے پی ٹی آئی کے ساتھ کام کیا،لیکن اب صورتحال مختلف ہے،بدقسمتی سے ہم ایسے فیصلے نہیں کر سکے جس طرح عقلمند قیادت کو کرنے چاہئیے تھے،اس کا نقصان بھی اٹھایا۔عقلمندی تو یہ تھی کہ اپنے مقصد پر فوکس رکھتے۔عوام کی بہتری کے لیے سمجھوتے کرنا پڑتے ہیں۔عامر محمود کیانی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے لیے بہت زیادہ محنت کی ہے لیکن غلط فیصلوں کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔آئی پی پی بھی ساری پی ٹی آئی ہے، فیملی کی طرح ہے، استحکام پاکستان پارٹی میں سب ایماندار ہیں۔آئی پی پی میں وہ لوگ شامل ہوئے یو مایوس تھے اور اب سمجھداری کا فیصلہ کیا۔انہوں نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ہوگی، ہر دور میں ایسا ہوا۔جس بھی جماعت پر مشکل وقت ہو وہ یہی گلہ کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی، عوام کی بہتری کے لیے پوری پی ٹی آئی استحکام پاکستان پارٹی میں آجائے۔عامر محمود کیانی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فواد چوہدری سے کوئی اختلاف نہیں، بھائی ہیں ہمارے۔ابھی اس معاملے پر زیادہ بات نہیں کروں گا۔میں تو خود ابھی تک پیشیاں بھگت رہا ہوں۔زندگی کا سلسلہ اسی طرح چلتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close