مسلم لیگ(ن) میں بڑی سیاسی شخصیات کی شمولیت ہوگئی

اسلام آباد(پی این آئی)بلوچستان کی 30 سے زائد سیاسی شخصیات نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ میاں نوازشریف آج بلوچستان کے دو روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے جہاں مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

شہباز شریف اور مریم نواز سمیت ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کوئٹہ میں موجود ہے۔ کوئٹہ میں مسلم لیگ ن میں سیاسی شخصیات کی شمولیت کی تقریب ہوئی جس میں نوازشریف، شہباز شریف، مریم نواز اور پرویز رشید سمیت دیگرموجود تھے۔ 30 سے زائد سیاسی شخصیات نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا جن میں بلوچستان عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل)، نیشنل پارٹی، پاکستان تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے سابق اراکین پارلیمنٹ شامل ہیں۔ بی اے پی سے ن لیگ میں شامل ہونے والوں میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، میر سلیم کھوسہ، نور محمد دمڑ، ربابہ بلیدی، سردار عبدالرحمان کھیتران، محمدخان لہڑی، سردار مسعود لونی، شعیب نوشیروانی، عاصم کرد، رامین محمد حسنی اور دوستین ڈومکی شامل ہیں۔ نیشنل پارٹی کے مجیب محمدحسنی، سابق سینیٹر ڈاکٹراشوک کمار اور بی این پی کی سابق رکن اسمبلی زینت شاہوانی جبکہ پی ٹی آئی کےخان محمدجمالی، سردارعاطف سنجرانی نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

پیپلزپارٹی کے سعید الحسن مندوخیل، سردارفتح محمد حسنی اور فائق جمالی بھی ن لیگ میں شامل ہوگئے۔ ن لیگ کے قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے بلوچستان سے تمام سیاسی شخصیات کو پارٹی میں شمولیت پر مبارک دی اور خوش آمدید کہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close