لاہور (پی این آئی)مظفر گڑھ سے سابق ایم پی اے سردار چنوں خان لغاری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا، ن لیگی قیادت نے ان کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ضلع مظفر گڑھ سے سابق ایم پی اے سردار چنوں خان لغاری نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سردار چنوں خان لغاری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ سردار چنوں خان لغاری نے قائد محمد نواز پر بھرپور اعتماد کا اظہارکیا۔ شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر سردار چنوں خان لغاری کو خوش آمدید کہا اور مبارک دی۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کے لئے تاریخی کردار ادا کرے گی، آپ سب کے تعاون سے پاکستان اور عوام کو معاشی تکالیف سے نجات دلانی ہے۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ، سردار اویس خان لغاری اور عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔ مزید برآں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے پارٹی راہنماؤں نے ملاقاتیں کیں۔ خواجہ آصف، عثمان ابراہیم،ذوالفقار بھنڈر، عطااللہ تارڑ، عالم داد لالیکا، حنیف عباسی، چوہدری تنویر، دانیال چوہدری اور خالد جاوید وڑائچ نے پارٹی صدر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں آئیندہ عام انتخابات اور حلقوں میں جاری تیاریوں کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
شہباز شریف کی جانب سے پارٹی راہنمائوں اور کارکنوں کے جذبے کی تعریف کی گئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ آپ کا جوش و جذبہ بتا رہا ہے کہ انتخابات میں فتح عوام اور مسلم لیگ (ن) کی ہوگی، ان شاءاللہ، مسلم لیگ (ن) قوم کی امنگوں، آرزوؤں اور امیدوں کا محور ہے، عوام کو پہلے مایوس کیا نہ اب کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں