ناراض ساتھیوں کو واپس لایا جائیگا، بڑی سیاسی جماعت نے انتخابی حکمت عملی واضح کر دی

خانیوال(آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اورسابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کسی پارٹی کو کارنر کرنے کے حق میں نہیں ہیں کمزور جماعتوں کو الائنس کی ضرورت ہوتی ہے، مقبولیت کا اندازہ عوامی رائے سے ہوتا ہے۔ قمرزمان کائرہ نے اپنے دوست میجر (ر)زاہد محمود مرحوم کے گھر آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن مقرر وقت پر ہی ہوں گے الیکشن نہ ہونے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی ،سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جیت عوامی مقبولیت کی دلیل ہے،

پنجاب میں پیپلز پارٹی پرانے ساتھیوں کے چھوڑ جانے سے کمزور ہوئی ناراض ساتھیوں کو واپس لایا جائے گا، تمام جماعتوں کو الیکشن لڑنے کا موقع دینا چاہیے، کسی پارٹی کو کارنر کرنے کے حق میں نہیں ہیں کمزور جماعتوں کو الائنس کی ضرورت ہوتی ہے ن لیگ اور ایم کیو ایم اتحاد اس کا نتیجہ ہے۔الائنس ہونے چاہئیں مگر الائنس کرانے کی ایک روایت چلی آرہی ہے جو کہ سیاست میں مداخلت کے مترادف ہے، مقبولیت کا اندازہ عوامی رائے سے ہوتا ہے۔قمر زمان کائر ہ نے کہا کہ کسی جماعت کو کارنر کرنے کے حق میں نہیں ہیں 9مئی کے واقعات ودیگر جرائم میں ملوث پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف کیسز عدالتوں میں ٹرائل کئے جائیں، پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف درج مقدمات کے ٹرائل کے لئے عدالتوں کے علاوہ اور کوئی فورم نہیں ہے۔ قمر زمان کائرہ ریٹائرڈ میجر زاہد محمود مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کے لئے جہانیاں آئے تھے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close