کراچی(آئی ین پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان کے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو آئندہ عام انتخابات کے لئے بھرپور تیاریوں کی ہدایت کردی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت پی پی پی بلوچستان کا بلاول ہاؤس میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی موجود تھیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے 30 نومبر کو 56 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ کوئٹہ میں ہوگا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عام انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی اور بلوچستان میں ہم پہلے سے زیادہ نشستیں جیتیں گے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل میں اگر کسی نے عملی اقدامات اٹھائے ہیں تو وہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی ہے، آغاز حقوق بلوچستان سے لے کر اقتصادی راہداری کے اصل منصوبے تک پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ بلوچستان کے خطے کو اہمیت دی ہے، انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے نتائج ثابت کردیں گے کہ حب سے کوئٹہ تک پورا بلوچستان بھٹوازم کے چاہنے والوں کی دھرتی ہے، اجلاس کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کی قیادت کے درمیان صوبے کی سیاسی و تنظیمی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ آئندہ عام انتخابات کے تناظر میں عوامی رابطہ مہم پر بھی بات چیت کی گئی۔ پی پی پی بلوچستان کی قیادت نے انتخابی مہم کے حوالے سے پارٹی چیئرمین کو اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں میر چنگیز جمالی، روزی خان کاکڑ، سربلند خان جوگیزئی، نواب ثنااللہ خان زہری، جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ، سید قائم علی شاہ، علی مدد جتک، سردار عمر گورگیج، اعجاز بلوچ، ڈاکٹر برکت بلوچ، غزالہ گولہ، اقبال شاہ، بسم اللہ خان کاکڑ، جمال سراج رئیسانی، کشور احمد جتک، ملک نورالدین کاکڑ، سردارزادہ بابا غلام رسول عمرانی، میر حسین بخش بنگلزئی، میر نصیب اللہ شاہوانی، میر ریاض احمد شاہوانی، میر سلیم خان کھوسہ، نوابزادہ شعیب زہری، نوید درانی، نواب محمد خان شاہوانی، صابر بلوچ، صادق عمرانی، سردار خیر محمد ترین ایڈووکیٹ، شریف خلجی، ملک ذیشان حسین، سید اقبال شاہ، طاہر محمود خان، حیات خان اچکزئی و دیگر بھی شریک تھے۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں