اسلام آباد(پی این آئی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ”امید ہے ریکوڈک کے شیئرز خریدنے کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین رواں سال دسمبر تک معاہدہ طے پا جائے گا۔“
نگران وزیراعظم کی طرف سے انٹرویو میں کہا گیا۔۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی حکومت نے سرکاری طور پر ریکوڈک کے شیئرز فروخت کرنے کی تصدیق کی ہے۔ تاحال اس حوالے سے سعودی عرب کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ وزیراعظم کاکڑ کا کہنا تھا کہ ”ہم سعودی پیشکش کے حوالے سے کافی پرجوش ہیں اور ہم نہ صرف اس منصوبے میں بلکہ دیگر کئی منصوبوں میں بھی سعودی عرب کی شراکت کی حوصلہ افزائی کریں گے۔“انہوں نے کہا کہ ”یہ مذاکرات کا مرحلہ ہے، جو تین فریقین کے مابین ہو رہے ہیں۔ انتظار کریں کہ ان مذاکرات کا کیا نتیجہ نکلتا ہے، تاہم میں پرامید ہوں کہ دسمبر تک اس حوالے سے معاہدہ ہو جائے گا۔
“واضح رہے کہ ان مذاکرات میں تیسرا فریق بیرک گولڈ نامی کمپنی ہے، جس کے پاس ریکوڈک کان کے 50فیصد حصص ہیں۔ اس کے برعکس پاکستان کی وفاقی حکومت کے پاس اس کان کے صرف 25فیصد حصص ہیں۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بیرک گولڈ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک برسٹو بارہا واضح کر چکے ہیں کہ وہ ریکوڈک کے حصص فروخت نہیں کریں گے، تاہم حکومت پاکستان اگر اپنے حصص سعودی عرب کو فروخت کرنا چاہتی ہے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں