الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو انتخابات کرانے کی تمام تیاریاں مکمل کرلیں

اسلام آباد (پی این آئی) چیف الیکشن کمشنر نے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو بریفنگ میں بتایا کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو انتخابات کرانے کی تمام ضروری تیاری مکمل کرلی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ملاقات کی، چیف الیکشن کمشنر نے عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق تیاریوں پر بریفنگ دی۔بریفنگ میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو بتایا گیا کہ آٹھ فروری کو انتخابات کرانے کیلئے تمام ضروری تیاری مکمل کرلی ہے، پولنگ اسٹیشنز اور پولنگ اسٹاف کی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں، الیکشن میٹریل کی پرنٹنگ کا کام بھی آخری مراحل میں ہے۔ جلد ہی تمام اضلاع میں انتخابی فہرستیں پہنچا دی جائیں گی۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن بروقت انتخابات کے انعقاد اور شیڈول جاری کرنے کا کما حقہ پابند ہے۔الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے سرانجام دے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو الیکشن کمیشن آفس کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ حکومت شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے ہر قسم کا تعاون کرے گی۔

حکومت الیکشن کمیشن کو تمام ضروری وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گی۔الیکشن کیلئے درکار فنڈز اور مطلوبہ سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ مزید برآں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کے بعد انتخابی شیڈول آئندہ ماہ جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ الیکشن کمیشن قانون کے تحت کم از کم 54 دن پر محیط انتخابی شیڈول جاری کر سکتا ہے، اس وقت الیکشن کمیشن میں انتخابی فہرستوں کی تیاری آخری مراحل میں ہیں اور تاحال وفاق اور صوبوں میں ٹرانسفر پوسٹنگ مکمل نہیں ہوسکیں جب کہ الیکشن کمیشن حکام نے بھی دسمبر کے پہلے ہفتے میں انتخابی شیڈول جاری کرنے کی رائے دی ہے، بتایا گیا ہے کہ انتخابی شیڈول کے ساتھ انتخابی فہرستیں منجمد اور پوسٹنگ ٹرانسفر پر پابندی عائد ہو جاتی ہے، اس لیے نومبر میں آر اوز کی تعیناتی، حلقہ بندیوں کی اشاعت، ووٹر فہرستیں اور پوسٹنگ ٹرانسفر مکمل کرلی جائیں گی۔

close