نواز شریف نے باقاعدہ سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا، پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کا اعلان

لاہور ( آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے باقاعدہ طور پر سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ، انہوں پارٹی رہنمائوں کو عام انتخابات کی بھرپور تیاری کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نے پھر موقع دیا تو ہماری حکومت کی اولین ترجیح معیشت کی بہتری ہوگی،ترقی کا سفر جہاں سے رکا وہیں سے شروع کریں گے، بہت جلد پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے،

1999ء سے شروع ہونے والی رفتار جاری رہتی تو آج ہم ایشیامیں سب سے آگے ہوتے، ہم نے چار سال ڈالر کو ہلنے نہیں دیا، 104روپے پر ڈالر کو روکا ، آئی ایم ایف نے خود کہا کہ پاکستان بہت جلد پائوں پر کھڑا ہوجائے گا اور اب پاکستان کو ہماری ضرورت نہیں ہوگی، معاشی بحالی کے لئے استحکام لازم ہے، سب کو مل کر ملک کی ترقی کے لئے کام کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چار سال بعد پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹائون آمد کے موقع پر سینئر رہنمائوں کے مشاورتی اور مختلف ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ نوازشریف کی مرکزی سیکریٹریٹ میں ملاقاتوں کے آغاز کے ساتھ ہی مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ۔مرکزی سیکرٹیریٹ آمد پر پارٹی صدر شہباز شریف نے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ محمد نواز شریف کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پارٹی کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز بھی انکے ہمراہ تھیں ۔پارٹی صدر شہباز شریف نے قائد نواز شریف کو مرکزی سیکریٹریٹ آمد پر مبارک پیش کی، نواز شریف نے پارٹی سیکرٹریٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا ۔

نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی رہنمائوں کا مشاورتی اجلاس ہوا ۔جس میں شہباز شریف ، مریم نواز ، خواجہ محمد آصف، سیکریٹری جنرل احسن اقبال، چیئرمین الیکشن سیل سینیٹر اسحاق ڈار اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب ، خواجہ سعد رفیق ، سردار ایاز صادق سمیت دیگر موجود تھے ۔اجلاس میں ملکی صورتحال اور پارٹی کی مستقبل کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں سندھ اور بلوچستان کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ملاقات میں لیگی قائد نے پارٹی رہنمائوں کو عام انتخابات کی بھرپور تیاریاں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کا سفر جہاں سے رکا وہیں سے شروع کریں گے، پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کو مہنگائی، بے روزگاری اور دہشت گردی سے پاک کرنا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے پہلے بھی پاکستان کی ترقی کی سیاست کی اور آگے بھی یہ سفر جاری رہے گا۔ ہم بہت جلد پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف سے استقبالیہ کمیٹی سندھ کے چیف آرگنائزر سندھ بشیر میمن نے بھی ملاقات کی ۔ پارٹی قائد نے 21اکتوبر کو مینار پاکستان پر صوبہ سندھ سے کارکنوں اور رہنمائوں کی بھرپور شرکت کو سراہا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close