مسلم لیگ (ن) کا تحریک انصاف سے سیاسی تعلقات سے متعلق بڑا فیصلہ

لاہور (پی این آئی) ن لیگ نے تحریک انصاف کو بھی انتخابی عمل اور سیاسی بات چیت میں شامل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مسلم لیگ ن نے الیکشن رولز طے کرنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارمز پر اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی رہنماؤں کی تجویز پر نواز شریف کا ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ بھی کیا۔ نواز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے لئے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو ٹاسک سونپ دئیے۔ نواز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنے کی زمہ داری سونپی اور ایک کمیٹی قائم کردی۔ نواز شریف کی جانب سے قائم کی جانے والی کمیٹی کے دیگر اراکین میں رانا ثنا اللہ، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق اور دیگر رہنما شامل ہیں۔ لیگی قائدین پاکستان پیپلزپارٹی، جمعیت علمائے اسلام کی قیادت سے رابطے کریں گے۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ ق، ایم کیو ایم اور استحکام پاکستان پارٹی، سندھ و بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں، خیبرپختونخوا کی عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔

نواز شریف کی منظوری کے بعد لیگی قیادت نے پاکستان تحریک انصاف کی دستیاب قیادت سے بھی رابطے اور بات چیت کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف سمیت ہر سیاسی جماعت کو انتخابی عمل و سیاسی بات چیت میں شامل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نواز شریف کی ہدایت پر لیگی قیادت تمام سیاسی جماعتوں سے مختلف تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کرے گی، تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ایسا انتخابی ماحول بنایا جائے جس میں کوئی جماعت دوسری جماعت پر ناجائز اعتراض نہ کرے۔ اجلاس میں یہ بھی تجویز دی گئی کہ انتخابی مہم کے دوران تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے منشور کے مطابق ایک دوسرے پر تنقید ضرور کریں لیکن تہذیب اور اخلاق کا دامن نہ چھوڑا جائے۔ نواز شریف کی ہدایت پر لیگی رہنما الیکشن ڈے کے رولز آف گیم پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریں گے اور 2018 کے انتخابات کے دوران آر ٹی ایس بیٹھنے جیسے واقعات سے نمٹنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ تجاویز پر الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close