کراچی (پی این آئی ) کراچی میں مختلف نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخاب کیلئے پولنگ ختم ہو گیا اور اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
ملیر کی یوسی 7 ٹی ایم گڈاپ میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کیلئے 6 امیدوار مدمقابل ہیں، چیئرمین کیلئے ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ اور وائس چیئرمین کیلئے محمد سلیم میمن پیپلز پارٹی کے امیداور ہیں جبکہ تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور ٹی ایل پی کے امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ ضلع جنوبی یوسی 13 ٹی ایم سی صدر سے چیئرمین کیلئے 7 امیدوار میدان میں ہیں، یوسی 13 کلفٹن میں چیئرمین کی نشست کیلئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار نورالسلام اور ٹی ایل پی کے سکندر آگر بھی میدان میں ہیں۔ ضلع کیماڑی یوسی 3 ٹی ایم سی ماڑی پور سے چیئرمین کی نشست پر 6 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے، اس نشست کیلئے پیپلزپارٹی کے امیدوار سیف اللہ ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے محمد حسن اور تحریک انصاف کے محمد زاہد بھی چیئرمین کی نشست کیلئے امیدوار ہیں۔ ضلع جنوبی ٹی ایم سی صدر یوسی 6 پر وائس چیئرمین کیلئے 7 امیدواروں میں مقابلہ ہے جبکہ ضلع جنوبی ٹی ایم سی صدر یوسی 12 میں وائس چیئرمین کیلئے 8 امیدوار مدمقابل ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کے 5 اضلاع ملیر، کیماڑی، شرقی، جنوبی اور وسطی میں ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے 121 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے تھے جن میں سے 42 کو انتہائی حساس جبکہ 79 کو حساس قرار دیا گیا ۔ ضلع جنوبی یوسی 13 ٹی ایم سی صدر میں چیئرمین کی نشست کیلئے بنائے گئے 17 میں سے 10 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ باقی کو حساس قرار دیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں