مالاکنڈ (پی این آئی ) تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ٹوپی ڈرامہ تھا‘ عمران خان اپنے علاوہ کسی کو نہیں مانتے۔
مالاکنڈ میں رہنماؤں کی پارٹی میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا نیا پاکستان خواب تھا، عمران خان اپنے علاوہ کسی کو نہیں مانتے، چیئرمین پی ٹی آئی تمام ملکی پارٹیوں اور لیڈروں سے نفرت کرتے تھے۔پرویز خٹک نے کہا کہ ہم کسی پارٹی کے پیچھے نہیں گئے ہمت سے پارٹی بنائی کیوں کہ کوئی پارٹی انتخابی منشور پر عمل نہیں کرتی، مولانا فضل الرحمان کی جنگ اسلام آباد کیلئے تھی اور چیئرمین پی ٹی آئی کا نیا پاکستان ٹوپی ڈرامہ تھا، عمران خان کا ساتھ نظام بدلنے کیلئے دیا مگر تمام نعرے جھوٹے تھے۔سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پانچ سالہ دور اقتدار میں صوبے میں ریفارمز کیے تھے، پی ٹی آئی بتائے چار سال میں کتنی ترقی آئی ہے، دنیا ترقی کی جانب گامزن ہے اور ہم پیچھے رہ گئے، کہیں پر بھی انصاف نہیں، ملکی قیادت نے ملک کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیا، ملک کی سب سے بڑی بیماری بیرونی قرضہ ہے، آئی ایم ایف کا قرضہ ہزار سال میں ختم نہیں ہوسکتا، ہم عوام کو حقوق ان کے دہلیز پر دیناچاہتے ہیں، عوام کے مسائل سے آگاہ ہوں۔
علاوہ ازیں تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے سربراہ نے پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر نظام یہی رہا تو 100سال تک ترقی نہیں کرسکتے، میں نے کبھی چوری نہیں کی، نا ہی کسی کے سامنے جھکا ہوں، ہم چوروں کے خلاف میدان میں نکلے ہیں، پی ٹی آئی نے جووعدے عوام کے ساتھ کئے وہ پورے نہیں کئے، سیاستدان مخلص ہوتے تو ملک کا یہ حال نہ ہوتا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں