فواد چوہدری کی ایک اور کیس میں گرفتاری کا امکان

اسلام آباد ( پی این آئی) محکمہ اینٹی کرپشن نے بھی سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی گرفتاری کی تیاری کرلی، اسلام آباد پولیس سے کسٹڈی لینے کے بعد اینٹی کرپشن کی جانب سے اپنی گرفتاری ڈالی جائے گی۔

 

 

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن نے فواد چوہدری کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اتوار یا پیر کے روز اسلام آباد پولیس سے فواد چوہدری کی کسٹڈی لی جائے گی اور اسلام آباد پولیس سے کسٹڈی لینے کے بعد اینٹی کرپشن اپنی گرفتاری ڈالے گا۔بتایا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پر ان کے آبائی علاقہ جہلم میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر پرل گلوبل ہاؤسنگ سوسائٹی میں کرپشن کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور راولپنڈی اینٹی کرپشن نے لدھڑ ہاؤس میں فواد چوہدری اور بھائیوں کی طلبی کا سمن بھی پہنچا دیا ہے۔اینٹی کرپشن ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری، فراز چوہدری اور ان کی کزن چوہدری فوق شیرباز کے خلاف ثبوت حاصل کرلیے گئے ہیں، جن پر دوران وزارت اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے کرپشن کرنے کا الزام ہے، جس کے تحت پرل گلوبل ہاؤسنگ سوسائٹی میں سرکاری زمینوں پر قبضے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

 

 

 

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماء فواد چوہدری کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا، جہاں سابق وفاقی وزیر کو پولیس اہلکار ان کے بھائی کی رہائش گاہ سے گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے، فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری نے سابق وفاقی وزیر کی گرفتاری کی تصدیق کی اور بتایا کہ میرے بھائی چوہدری فواد کو میرے اسلام آباد والے گھر سے ناشتہ کرتے ہوئے کچھ باوردی اہلکاروں نے سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد کے ہمراہ اغوا کر لیا ہے، میرے بار بار اصرار کے باوجود انہوں نے کوئی وارنٹ گرفتاری یا حکم نہیں دکھایا، مجھے فواد چوہدری کی سلامتی سے متعلق شدید خدشات ہیں۔

 

 

 

معلوم ہوا ہے کہ اسلام آباد کی عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی دفعہ 144 کی خلاف وزری کے کیس میں 13 نومبر تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی ہوئی تھی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں فواد چوہدری کی دفعہ 144 کی خلاف وزری کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں فواد چوہدری اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے، وکیلِ صفائی قمر عنایت نے فواد چوہدری کی درخواستِ ضمانت منظور کرنے کی استدعا کی، عدالت نے 13 نومبر تک فواد چوہدری کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی، عدالت نے فواد چوہدری کی ضمانت 10 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کی، اسلام آباد کی عدالت نے آئندہ سماعت پر دلائل کے لیے پراسیکیوٹراور تفتیشی افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں