اسد قیصر کی گرفتاری پر تحریک انصاف کا شدید ردِعمل آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اسد قیصر کی گرفتاری الیکشن کی شفافیت کو متاثر کرنے کی شرمناک کوشش ہے، الیکشن کمیشن قبل ازانتخاب دھاندلی روک کر یکساں انتخابی ماحول کو یقینی بنائے۔

 

 

 

ایکس پر جاری بیان میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی گرفتاری پر ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے ردعمل میں گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کے اعلان کے فوری بعد اسد قیصر کی گرفتاری انتخابات کی شفافیت کو متاثر کرنے کی ایک شرمناک کوشش ہے، اسد قیصر کی گرفتاری شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے پیش نظر الیکشن کمیشن کے کردار پر سوالیہ نشان مرتب کرتی ہے، تحریک انصاف رہنماؤں کی بلاجواز گرفتاریوں کا نہ رکنے والا سلسلہ تحریک انصاف کو انتخابی دوڑ سے باہر رکھنے کا بدنیتی پر مبنی منصوبہ ہے، الیکشن کمیشن قبل از انتخاب دھاندلی کی کوششیں ترک کر کے تمام جماعتوں کو یکساں ماحول کی فراہمی یقینی بنائے، اسد قیصر کی گرفتاری کی سفاکانہ حرکت کو عدالتی فورم پر چیلنج کیا جائے گا۔یاد رہے رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر کے بھائی نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر کو ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کرلیا گیا، اسد قیصر گھر پر تھے جب پولیس اور سادہ لباس اہلکار گھر آئے، سادہ لباس اہلکار اسد قیصر کو گرفتار کرکے لے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد قیصر کو کرپشن کیس میں محکمہ اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا ہے۔

 

 

 

اسی طرح نیوزایجنسی کی ایک خبر کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کے لیے اینٹی کرپشن اور پولیس نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ان کے گھر پر چھاپا مارا۔محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق علی امین گنڈا پور چھاپے کے وقت گھر پر موجود نہیں تھے، تاہم ان کے زیرِ استعمال 4 گاڑیاں ان گھر پر موجود تھیں۔ واضح رہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن کو پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما علی امین گنڈا پور مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں