چیف الیکشن کمشنر نے عمران خان کی مقبولیت کا اعتراف کر لیا

اسلام آباد (پی این آئی) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کوئی شک نہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ملک کے مقبول لیڈر ہیں، آئندہ انتخابات میں بیلٹ پیپر پر بلے کا نشان ہوگا۔

انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں عمران خان کی دل سے عزت کرتا ہوں، خواہش تھی کہ تمام سیاستدانوں کو ساتھ بٹھاتا اور خواہش تھی کہ عمران خان تحمل کا کردار ادا کرتے۔ انہوں نے کہا کہ میں ماضی میں چیئرمین پی ٹی آئی کو آئیڈلائز کرتا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ انتخابات میں فوج ہماری مدد کرے گی، نگران حکومت بنانا الیکشن کمیشن کا کام نہیں لیکن ان کو چیک کرنا ہمارا کام ہے۔ اٹارنی جنرل ہمارے فیملی فرینڈ ہیں۔ صحافی نے سوال کیا کہ الیکشن کمیشن کے خط کے باوجود آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیوں تبدیل نہیں ہورہے؟ اس پر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ آپ دیکھتے جائیں۔ ہم نے کے پی کی کابینہ تبدیل کروائی اور وفاقی کیبنٹ پر بھی نوٹسز لیے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تمام جماعتوں کو لیول پلئینگ فیلڈ کی فراہم کرنے کی ذمہ داری شیڈول جاری ہونے کے بعد آئے گی، ہم نے سارے فیصلے مشاورت سے کیے اور سمجھتے ہیں کہ ابتک الیکشن کمیشن کے فیصلے درست ہیں۔ ہم پر اکثر بلاوجہ تنقید ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر کوئی کہتا ہے الیکشن شفاف ہوں لیکن دوسری جانب مداخلت بھی کی جاتی ہے، صدر مملکت نے ہمیں اچھے طریقے سے ویلکم کیا جس کی تصاویر آپ نے دیکھ لیں ہوں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close