تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لئے جانے والوں کیساتھ خوفناک حادثہ پیش آگیا

لاہور(پی این آئی) ایم ٹوموٹر وے پر ہرن مینار فاروق آباد انٹر چینج کے نزدیک تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لئے جانے والا تبلیغی جماعت کا مزدا ٹرک الٹ گیا،

حادثے کے نتیجہ میں 19افراد زخمی ہو گئے۔بتایا گیا ہے کہ ایم ٹوموٹر وے پر ہرن مینار فاروق آباد انٹر چینج کے نزدیک تبلیغی جماعت کا مزدا ٹرک الٹنے سے 19 افراد زخمی ہو گئے۔تیز رفتار مزدا ٹرک تبلیغی جماعت کے افراد کو بنوں سے لاہور لیکر جا رہا تھا کہ تیز رفتاری کی وجہ سے بریک فیل ہو گئی اور ٹرک الٹ گیا۔ مزدا ٹرک میں رائیونڈ اجتماع میں شرکت کے لئے تبلیغی جماعت کے 22 افراد سوار تھے۔ ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے 7 زخمی افراد کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی جبکہ 12 شدید زخمی افراد کو شیخوپورہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔خیال رہے کہ رائے ونڈ میں تبلیغی جماعت کا عالمی اجتماع شروع ہو گیا ،پہلے روز شرکاء کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کرگئی ۔عالمی اجتماع کاپہلا مرحلہ امیر جماعت مولانا نذ ر الرحمان کے ابتدائی بیان سے شروع ہو گیا ۔انہوںنے کہا کہ اللہ نے دعوت و تبلیغ کا پیغام نبی اکرم ؐ کے ذریعے پوری امت تک پہنچایا ،یہ پیغام تمام زمانوں کے لئے تھا۔

اس پیغام کو آنے والی نسلوں تک پہنچانا اب امت محمدی ؐ کی اولین ذمہ داری ہے ،اس پیغام کو مان کراللہ کو راضی کرکے جنت حاصل کرلیں یا نہ مان کر اللہ کی ناراضگی کے نتیجہ میں ہمیشہ ہمیشہ کے لئے جہنم خرید لیں ، یہ صرف ہم پر منحصر ہے۔انہوں نے کہا کہ تبلیغی اجتماع میںمنکر نکیر کے سوالوں کا جواب دینے کی تعلیم پر ہی سارا دارومدار ہے، یہ دنیا فانی ہے اور یہ چند دنوں کی ہے ،آخرت کی زندگی ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ہے ،دنیا کی زندگی برف کی مانند ہے جو تیزی سے پگھل رہی ہے ۔ تم بہترین امت ہو، لوگوں کے نفع رسانی کے لیے نکالے گئے ہو،تم لوگ نیک کام کا حکم کرتے رہو اور برے کاموں سے روکتے رہو اور اللہ تعالی پر ایمان رکھتے رہو۔مولانا نذر الرحمان نے کہا کہ مسلمان بھائیوںزندگی فانی ہے، اس پر ایک سیکنڈکا بھی بھروسہ نہیں ہے، دین سیکھنے میں پہل کرنے والوںکے لیے اللہ تعالیٰ نے جنت کی بشارت دی ہے ،شہر، قصبوں، گاؤں گاؤں اور گلی ،محلوں میں پھیل جاؤ اور چھوٹوں سے لے کر بڑوں تک دین سیکھنے اور سکھانے کی دعوت دے کر انکو دین پھیلانے سیکھانے کے عمل میں شامل کرکے اللہ تعالیٰ کے دربار میں بلند ی کے مراتب حاصل کرنے والے بن جاؤ ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close