جیل میں قید شاہ محمود قریشی سے متعلق تشویشناک خبر آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جیل میں طبعیت ناساز ہو گئی، پمز اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جیل انتظامیہ کی درخواست پر اڈیالہ جیل راولپنڈی سے پمز اسپتال منتقل کیا جائے گا۔جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے جیل انتظامیہ کی درخواست پر شاہ محمود قریشی کو اسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔دو روز قبل اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے فیملی ممبران نے ملاقات کی۔ جیل ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی سے فیملی ممبران کی ملاقات کانفرنس روم میں کرائی گئی، ملاقات کرنے والوں میں ظہورقریشی، معین قریشی اور زین قریشی شامل تھے۔جیل ذرائع نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک نے بھی اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی ٹرائل سے متعلق دستاویزات فراہمی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت آئندہ ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی ضمانت کی درخواست پر ہم نے نوٹس کردئیے تھے،آپ کی اس درخواست پر آفس کے اعتراضات ہیں ،ایف آئی آر اور چالان کی مصدقہ کاپیاں لف نہیں کی گئیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلے میں لکھا ہے کہ ملزم کا کوئی حق ختم نہ کیا جائے، میں نے سب کیلئے یہی کہا ہے کہ کسی قاعدے قانون کے تحت ہی ٹرائل جانا ہے،آپ کی درخواست پر اعتراضات دور کررہے ہیں ، ایڈووکیٹ علی بخاری نے استدعا کہ اس درخواست کو ضمانت کی درخواست کیساتھ سماعت کیلئے رکھ لیں۔

خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی پاکستان تحریک انصاف کے ان رہنماؤں میں سے ہیں جنہوں نے 9 مئی کے بعد بھی عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑا تھا۔عمران خان اور شاہ محمود اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close