عمران خان کی صحت سے متعلق ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان کا بیان آگیا

اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان نے سابق وزیراعظم کو تندرست قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی صحت بلکل ٹھیک ہے انہوں نے کسی قسم کی شکایت نہیں کی، مجھے عمران خان ہشاش بشاش نظر آئے اور مجھے تسلی ہوگئی کہ سابق وزیراعظم مکمل تندرست ہیں، انہوں نے بتایا بھی کہ وہ مکمل صحت مند ہیں، میں نے تفصیلی ان کا چیک اپ کیا جس میں مجھے ایسی کوئی چیز نظر نہیں آئی، عمران خان نے خوراک کے حوالے سے بھی کوئی شکایت نہیں کی، چئیرمین پی ٹی آئی ورزش بھی کررہے ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ سابق وزیراعظم کی صحت کے حوالے سے چہ مگوئیاں اس وقت شروع ہوئیں جب سابق وزیراعظم عمران خان سے اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے وکلا نے ملاقات کی اور چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آفتاب باجوہ نے کہا کہ ’عمران خان نے وکلا کو بتایا ہے انہیں سابق وزیراعظم والی سہولیات نہیں دی جا رہیں، انہیں گھر کا کھانا بھی نہیں دیا جاتا بلکہ انہیں سلو پوائزن دیا جا رہا ہے‘۔

بعد ازاں آفتاب باجوہ نے اپنے ایک بیان میں اپنی پہلے والی بات کی نفی کی اور مؤقف اختیار کیا کہ ’چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وکلاء سے ملاقات کے دوران 4 سے 5 مرتبہ سلو پوائزنگ کی بات کی لیکن مجھے سمجھنے میں غلطی ہوئی، دراصل عمران خان یہ کہہ رہے تھے کہ انہیں سلو پوائزنگ دی جا سکتی ہے اور اس کی کوشش بھی ہو رہی ہے‘۔ وکیل پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’عمران خان نے سلو پوائزنگ کے صرف خطرے کا اظہار کیا تھا، اس لیے اب میں اپنے پہلے والے بیان کو درست کر رہا ہوں کہ جس میں پہلے میں نے یہ کہہ دیا تھا کہ وہ عمران خان کو سلو پوائزن دے رہے ہیں جب کہ چیئرمین تحریک انصاف کا یہ کہنا تھا کہ انہیں سلو پوائزن دینے کی کوشش کی جا رہی ہے‘۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں