ایف بی آر نے 4 ماہ میں ٹیکس اکٹھا کرنے کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا

لاہور (پی این آئی ) ایف بی آر نے 4 ماہ میں ٹیکس اکٹھا کرنے کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا، آئی ایم ایف کا دیا گیا ہدف باآسانی حاصل ہو گیا، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 2 ہزار 700 ارب روپے سے زائد اکٹھ کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کر لیا۔ ایف بی آر نے گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 2 ہزار 159 ارب روپے کے محصولات کے مقابلے میں رواں مالی سال کے 4 ماہ میں 37 فیصد اضافے سے 2 ہزار 748 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے۔ اعلامیے کے مطابق رواں سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں کا ہدف 2 ہزار 682 ارب روپے تھا، ایف بی آر نے اپنے ہدف سے 66 ارب روپے زیادہ اکٹھے کیے، ایف بی آر نے اکتوبر میں 707 ارب روپے کے محصولات جمع کیے جبکہ اکتوبر کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 516 ارب روپے تھا۔ ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران 158 ارب روپے کے ری فنڈ ادا کیے، رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران تقریباً 29 لاکھ افراد نے ٹیکس گوشوارے جمع کروائے، گزشتہ سال مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران 25 لاکھ 70 ہزار افراد نے ٹیکس گوشوارے جمع کروائے تھے۔

ایف بی آر کی جانب سے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران اکٹھے کیے گئے محصولات کی رپورٹ بھی جاری کی گئی ہے۔ ایف بی آر کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 2042 ارب روپے کے محاصل موصول ہوئے جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ ہیں، گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ایف بی آر کو 1634 ارب روپے کے محاصل موصول ہوئے تھے۔پہلی سہ ماہی میں براہ راست ٹیکسوں کی مدت میں ایف بی آر کو 935 ارب روپے موصول ہوئے جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 37 فیصد زیادہ ہیں، گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں براہ راست ٹیکسوں کی مد میں ایف بی آر کو 683 ارب روپے موصول ہوئے تھے۔ بلاواسطہ ٹیکسوں کی مدت میں ایف بی آر کو مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 1107 ارب روپے حاصل ہوئے جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ہیں۔

گذشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بلاواسطہ ٹیکسوں کی مد میں ایف بی آر کو حاصل ہونیو الی رقم کا حجم 951 ارب روپے تھا۔نان ٹیکس ریونیو کی مد میں ایف بی آر نے پہلی سہ ماہی کے دوران 469 ارب روپے اکٹھے کیے جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 100 فیصد زیاہ ہے، گذشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں نان ٹیکس ریونیو کا حجم 235 ارب روپے رہا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close